لیڈز میں کنڈیشنز کے مطابق ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا ، رمیز راجہ

جمعہ 8 جون 2018 18:53

لیڈز میں کنڈیشنز کے مطابق ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا ، رمیز ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے کہا ہے کہ لیڈز میں کنڈیشنز کے مطابق ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا ، لارڈز کے مقابلے میں لیڈز میں گیند کم سوئنگ ہوتا ہے ،لیڈز ٹیسٹ میں اگر ہم پہلا دن اچھا کھیل جاتے تو میچ جیت سکتے تھے ، پاکستان کی اس وقت کی نوجوان ٹیم شکست کو جلدی قبول نہیں کرتی ، نوجوان لڑکے بہت دلیر ہیں ، انگلینڈ کو ان کے گھر میں ہرانا آسان کام نہیں ہے۔

ایک نجی ٹیلی ویژن کو انٹر ویو دیتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کے بعد اظہر علی اب ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی ہیں او ر ممکن ہے کہ گھٹنے کے مسئلے کی وجہ سے اظہر پرفارم نہیں کرپائے ،اس دورے میں اظہر علی کی بیٹنگ پوزیشن درست نہیں تھی اور ان کی بجائے فخر زمان سے اوپننگ کرانا بہتر فیصلہ ہوتا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ایشیائی وکٹوں پر وقت گزارنے کے بعد آسانی سے بیٹنگ کی جاسکتی ہے ، انگلینڈ میں موسم کے باعث گیند کبھی بھی سوئنگ ہونا شروع ہوسکتا ہے ،انگلینڈ میں بیٹنگ کرنے کی تکنیک مختلف ہوتی ہے۔

اسد شفیق کو بیٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑیگا۔ اسد شفیق کو پاکستان کی ٹیسٹ بیٹنگ کا بوجھ اٹھانا پڑے گا، اسد شفیق نے سلپ میں بہت اچھی کیچز کیے۔ امام الحق مجھے پسند آئے ، امام نے پہلے ٹیسٹ میں آئرلینڈ کیخلاف اچھاکھیلا، اچھے اوپنرز دس اوورز تک پچ کو جانچتے ہیں، امام جلدی شاٹس کھیلنے میں آٹ ہوئے ، امام الحق کی فیلڈنگ بھی شاندار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کیلئے میرا مشورہ ہے کہ وہ بیٹنگ کے دوران کپتانی کا نہ سوچیں، لارڈز ٹیسٹ میں ان کی کپتانی میں نکھار آیا، سرفراز ٹیسٹ میں جتنی کپتانی کرینگے اتنا ہی سیکھیں گے، قومی ٹیم کے کپتان کو اب ٹیسٹ کرکٹ میں رنز بنانے کی ضرورت ہے۔