ملک بھر میں یوم کشمیروفلسطین کے طور پر منایا گیا ،نماز جمعہ کے بعد کشمیری و فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

. لاہور ،گوجرانوالہ،فیصل آباد،اسلام آباد،مظفر آباد، میرپور،ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے غاصب بھارتی اور اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے کشمیری و فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و بربریت کیخلاف مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں

جمعہ 8 جون 2018 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم کشمیروفلسطین کے طور پر منایا گیا اور نماز جمعہ کے بعد کشمیری و فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کی طرح گوجرانوالہ،فیصل آباد،اسلام آباد،راولپنڈی، مظفر آباد، میرپور،ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، جہلم،شیخوپورہ، وہاڑی اور دیگر شہروں میں علماء کرام نے خطبات جمعہ میں غاصب بھارتی اور اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے کشمیری و فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت کو موضوع بنایا اوربھارتی و اسرائیلی ظلم و دہشت گردی کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔

اس دوران کشمیر، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

جامع مسجد القادسیہ چوبرجی لاہور میں امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کشمیری و فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔قبل ازیں خطبہ جمعہ کے دوران حافظ محمد سعید نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں ظلم و دہشت گردی کی انتہا کر دی گئی ہے۔

امریکہ اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کررہا ہے اور نہتے مسلمانوںکی لاشیں گرانے کیلئے اسرائیل کو شہ دی جارہی ہے۔مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اسے آزاد کروانے کیلئے ہر مسلمان اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر، فلسطین سمیت دنیا کے جس خطہ میں نہتے مسلمانوںکو ظلم و دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہو ان کی مدد کرنا امت مسلمہ پر فرض ہے۔

مسلم ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کیلئے باہم متحد ہو جائیں اور بھارت و اسرائیل سے صاف کہہ دیں کہ وہ نہتے مسلمانوں کا خون بہانے سے باز رہیںوگرنہ مسلمان بھی قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ بھارت کے دوران پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کے منصوبے بنائے گئے۔

دونوں ملک پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو نقصان پہنچانے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں لیکن ان کی یہ مذموم کوششیں کسی طور کامیاب نہیں ہوں گی۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو مضبوط ایٹمی صلاحیت سے نوازا ہے۔حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کی غلامی چھوڑ کر اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آسمانوں سے رحمتیں و برکتیں نازل ہوں گی اور فلسطین و کشمیر کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکمران بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چھوڑ دیں۔ اس سے تحریک آزادی کو نقصان پہنچا ہے۔ مظلوم کشمیری ہاتھوں میں پتھر اٹھا کر بھارتی فوج کی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ آج بھارتی آرمی چیف بھی اعتراف کر رہا ہے کہ کشمیر میںان کی بندوق ناکام ہو گئی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انڈیا کی آٹھ لاکھ فوج اس وقت مکمل طور پر بے بس ہو چکی ہے۔

اس وقت اسلام اور کفر کے مابین جنگ جاری ہے۔ ہم نے اللہ کے دین کے نمائندے بن کر یہ جنگ لڑنی اور جیتنی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم ممالک امریکی سفارت خانہ کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی ہر صورت روکیں۔امریکہ ظلم کی ہر حد عبور کر رہا ہے اور بین الاقوامی دنیا خاموش بنی ہوئی ہے۔ ارض مقدس کی حفاظت سب مسلمانوں پر فرض ہے۔ جس طرح ہم اپنے ملکوں کی حفاظت کرتے ہیں اسی طرح بیت المقدس کے تحفظ کیلئے بھی بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسلام آباد میںجامع مسجد قبا آئی ایٹ مرکز میں جماعةا لدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین اور بھارت نے کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا جس پر اقوام عالم خاموش تماشائی بنی رہی۔کشمیراور فلسطین میں ظلم و دہشت گردی سے پوری دنیا کا امن متاثر ہورہا ہے۔ اگر بین الاقوامی دنیا یہ چاہتی ہے کہ امن و امان ہوتو دہشت گرد ملکوں کو مسلمانوںپر ظلم و بربریت سے باز رکھنا چاہئے۔

تحریک حرمت رسول ﷺ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ نے قصور میںہزاروں افراد پر مشتمل جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بیت المقدس اور مظلوم فلسطینی و کشمیری مسلمان مدد کے لئے پکار رہے ہیں۔مسلم امہ کو ان کی آواز پر لبیک کہنا چاہیے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔ اس موقع پر انہوںنے کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔

جماعةالدعوة پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر گوجرانوالہ،فیصل آباد،اسلام آباد،راولپنڈی، مظفر آباد، میرپور،ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، جہلم،شیخوپورہ، وہاڑی ، ننکانہ، سیالکوٹ، جہلم، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور،ڈی جی خاں، قصور، باغ، کوٹلی، میر پور آزاد کشمیراور دیگر شہروں میں بھی کشمیری و فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی گئی۔