مجاہد اول واحد کشمیری لیڈر تھے جنہوں نے کشمیر کا مسئلہ قومی اور بین الاقوامی فورز پر اٹھایا ‘ سمیعہ ساجد راجہ

جمعہ 8 جون 2018 15:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کی رہنما و سابق امیدوار اسمبلی سمعیہ ساجد راجہ نے کہا ہے کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان واحد کشمیری لیڈر تھے جنہوں نے کشمیر کا مسئلہ قومی اور بین الاقوامی فورز پر اٹھایا اورکبھی بھی مصلحت یا ہچکچاہٹ کا شکار نہیں ہوئے ۔ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دراصل قائداعظم کا نعرہ ہے جسے مجاہد اول سردار عبدالقیوم کی جماعت نے مسلم کانفرنس نے تقویت دی اور اختیار کیا۔

قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ۔ مجاہد اول نے کمال مہارت سے انٹرنیشنل فورمز پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ۔ مجاہد اول نہ صرف آزاد کشمیر کے عوام کے بلکہ پاکستان کے لوگ اور عالم اسلام کے مسلمان بھی انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے ۔

(جاری ہے)

آج وہ ہمارے درمیان موجود نہیں ان کی یادیں اور ان کا دیا درس موجود ہے ۔ اللہ کرے ہم ان کے درس کو یاد رکھیں اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں ۔

مجاہد اول ایک تحریک ، ایک سوچ اور فکر کا نام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سپریم ہیڈ مسلم کانفرنس مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی تیسری برسی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مجاہد اول آج کے دن آج سے تین برس پہلے 22رمضان المبارک بروز جمعہ ہم سے جدا ہوئے تھے ۔

محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا کہ مجاہد اول نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دیکر کشمیری مجاہدین کو منزل کا راستہ بتا دیا ۔ ان کا مشن ابھی ادھورا ہے جس کے لئے ہم سب کو جدوجہد کرنی چاہیے ۔ مجاہداول نے ساری زندگی کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کی ۔ مجاہد اول نے اپنے دور اقتدار میں تعلیمی انقلاب برپا کیا ۔ 1970ء میں آزاد کشمیر میں شرح خواندگی 6فیصد تھی ۔

مجاہد اول نے پورے آزاد کشمیر میں تعلیم کو عام کیا اور آج اللہ کے فضل و کرم سے بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں شرح خواندگی 72فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ مجاہد اول نے 23سال کی عمر میں جہاد شروع کیا اور نیلہ بٹ کے مقام پر پہلی گولی چلائی اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کی ۔ اس بات کو بہت سے غیر ملکی مصنفین نے بھی اپنی کتابوں میں تسلیم کیا ہے ۔