سراج الحق نے این اے 7لوئر دیر سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

جب تک دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ایوانوں میں نہیں پہنچتی ملک و قوم کے مسائل حل نہیں ہونگے‘امیرجماعت اسلامی

جمعہ 8 جون 2018 00:06

سراج الحق نے این اے 7لوئر دیر سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے این اے 7لوئر دیر سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔اس موقع پر کارکنان بھی بڑی تعداد میں ان کے ہمرا ہ تھے۔کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ایوانوں میں نہیں پہنچتی ملک و قوم کے مسائل حل نہیں ہونگے۔

متحدہ مجلس عمل عام آدمی کے لیے ایوانوں کے دروازے کھولنا چاہتی ہے۔الیکشن کمیشن اپنے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔کرپٹ اشرافیہ جاگیردار اور وڈیرے دولت کے بل بوتے پر پورے انتخابی عمل کو یرغمال بناتے اور الیکشن کے نتائج کو اغواء کر لیتے ہیں۔ دھاندلی کے ایسے منصوبوں کو ناکام بنانے بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو ابھی سے مکمل تیاری کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ اور بدیانت لوگ تبدیلی نہیںلا سکتے ۔اس الیکشن میں بھی زیادہ تر وہی چہرے نظرآرہے ہیں جنہوں نے بار بار عوام کو دھوکا دیا اور ان کی امیدوں کا خون کیا۔بار بار چہرے بدلنے سے عوام کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔عوام کے ووٹوں سے اسمبلیوں میں پہنچنے والوں نے اپنے لیے اندرون اور بیرون ملک بزنس ایمپائرز،پلازے،محل تعمیر کرلیے ہیںمگر عوام آج بھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔

غریب کو تعلیم،علاج اور روزگار میسر ہے نہ تھانے کچہری میں انصاف ملنے کی امید ہے۔انہو ں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق سلب کرلیے گئے ہیں۔غریب کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی جبکہ امیرخود کو ہر قانون سے بالا ترسمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں عوام کو اپنے اندر ایسے لوگوں کو آگے لانا ہوگا جو ان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھیں اور ان کے حل کے لیے پوری دیانتداری سے کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر آنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہوتا۔ وہ سیاست کو تجارت سمجھتے ہیں جس میں اربوں لگا کر وہ کھربوں کماتے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ الیکشن 2018ء عوام کے پاس کرپٹ اور بدیانت لوگوں سے نجات کا بہترین موقع ہے۔عوام متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لیے نوٹ سپورٹ اور ووٹ دیں ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کامیابی کے بعد احتساب اور محاسبے کا ایسانظام بنائیں گے کہ بڑے سے بڑا صاحب اختیار بھی احتساب سے بچ نہیں سکے گا اور جن لوگوں نے قومی خزانے کو لوٹا ہے ان سے ایک ایک پائی وصول کرکے عام آدمی پر خرچ کریں گے۔