اسلام آباد ہائی کورٹ،میئر راولپنڈی سردار نسیم کی الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 29جون تک ملتوی

جمعرات 7 جون 2018 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے میئر راولپنڈی سردار نسیم کی الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 29جون تک کے لئے ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے سردار نسیم نا اہلی کیس کی سماعت کی۔ فاضل جج نے جب سماعت شروع کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزارت کے وکیل لطیف کھوسہ پیش نہیں ہو سکے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت سے مزید مہلت دینے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 29جون تک کے لئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے میئر راولپنڈی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے خاتون کی درخواست پر اہل قرار دیا گیا تھا اور ہدایت جاری کی گئی تھی کہ میئر راولپنڈی کے عہدے کے لئے نئے الیکشن کرائے جائیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہلی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سردار نسیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جو کہ گزشتہ کئی ماہ سے عدالت عالیہ اسلام آباد میں زیر سماعت ہے۔۔