سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید کی میٹروبس سے متعلق درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی

جمعرات 7 جون 2018 13:15

سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید کی  میٹروبس سے متعلق ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید کی میٹروبس سے متعلق درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی ۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار مشاہدحسین سید سے سوال کیا کہ اب سب لوگ دودھ کے دھلے ہو گئے ہیں اور کیا آج بھی آپ کرپشن کے الزام پر قائم ہیں‘آپ کو بلایا گیا تھا دو دن تک عدالت کیوں نہیں آئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو راولپنڈی میٹروبس سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس کا مشاہد حسین سید سے سوال تھا کہ آپ نے میٹروبس پر کرپشن کا الزام لگایا تھا۔کیا آج بھی آپ کرپشن کے الزام پر قائم ہیں جس پر مشاہد حسین سید نے جوا ب دیا کہ میرامسئلہ ماحولیات سے متعلق تھا اورمیں نے سی ڈی اے کے ماسٹرپلان سے متعلق سوالات اٹھائے تھے، اب چونکہ میٹروبس بن چکی ہے لہذااس کیس کونمٹاناہی بہترہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹروبس ایشواب ختم ہو چکا ہے ،4 سال پہلے میں نے جسٹس تصدق جیلانی کوخط لکھا جس پر چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ اگر 4 سال پہلے خط لکھاتھا تب بھی آپ دلائل دیں۔ثاقب نثار نے مشاہد حسین سید سے سوال کیا کہ کیا اب سب لوگ دودھ کے دھلے ہو گئے ہیں آپ کو بلایاگیا تھا دو دن تک عدالت کیوں نہیں آئے چیف جسٹس نے مشاہدحسین کی درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔