لاہور ، الیکشن قریب آتے ہی اندرونی و بیرونی سازشیں شروع ہو گئی، صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

خفیہ ہاتھوں کی سیاسی انجیئرنگ ہر آنکھ کو نظر آ رہی ہے، غیر سیاسی خفیہ قوتیں تمام تر بندوبست کے باوجود کنگ پارٹی کی جیت غیر یقینی دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہیں، ترجمانمتحدہ مجلس عمل

بدھ 6 جون 2018 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ الیکشن قریب آتے ہی اندرونی و بیرونی سازشیں شروع ہو گئی ہیں۔ آئین کی دفعہ 224 کے تحت انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی نہیں ہو سکتی۔ خفیہ ہاتھوں کی سیاسی انجیئرنگ ہر آنکھ کو نظر آ رہی ہے۔

غیر سیاسی خفیہ قوتیں تمام تر بندوبست کے باوجود کنگ پارٹی کی جیت غیر یقینی دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ ایم ایم اے کے گیارہ نکاتی منشور میں قومی احساسات کی ترجمانی کی گئی ہے۔ ایم ایم اے کے صالح امیدوار قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ دینی جماعتیں عوام کی خدمت کا بہترین تجربہ رکھتی ہیں۔ کتاب کے نشان کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔

(جاری ہے)

فوج کا سیاست سے دور رہنا ہی ملک اور فوج کے مفاد میں ہے۔

فوجی شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ آئین توڑنے اور مارشل لا لگانے والے جرنیلوں نے فوج کو بدنام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی جماعت اہل سنت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے مزید کہا کہ پانی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے اس لئے نئے آبی ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔ اگر ہم نے پانی کے مسئلے کا حل نہ نکالا تو قحط سالی ہمارا مقدر بن سکتی ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کی آبی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ 8 جون کو ایم ایم اے کے پنجاب کے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ کراچی میں 8 جولائی کا جلسہ تاریخی اور ریکارڈ توڑ ثابت ہو گا۔ الیکشن میں ثابت ہو جائے گا کہ کراچی عاشقان رسول کا شہر ہے۔