گورنر سندھ سے مسیحی برادری کی14 رکنی وفدکی ملاقا ت، مسائل سے آگاہ کیا

ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے، گورنرسندھ انتخابات میں حصہ لینے والے نمائندوں کو ہار یا جیت سے قطع نظر پاکستان کی سلامتی ، استحکام ، ترقی و خوشحالی اور ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لئے سوچنا ہوگا، ہار جیت کا فیصلہ کھلے دل سے تسلیم کرکے ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھانے کی روایت اپنانا ہوگی،گورنر کی وفد سے گفتگو

بدھ 6 جون 2018 22:41

گورنر سندھ سے مسیحی برادری کی14 رکنی وفدکی ملاقا ت، مسائل سے آگاہ کیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018کو ہونے والے تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے ، ان انتخابات میں عوام کو ایسے نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا جو ملک کی تعمیر، ترقی اورخوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکیں ، انتخابات میں حصہ لینے والے نمائندوں کو ہار یا جیت سے قطع نظر پاکستان کی سلامتی ، استحکام ، ترقی و خوشحالی اور ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لئے سوچنا ہوگا، ہار جیت کا فیصلہ کھلے دل سے تسلیم کرکے ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھانے کی روایت اپنانا ہوگی۔

وہ ر بدھ کویورنڈجان قادر کی سربراہی میں آنے والے مسیحی برادری کی14 رکنی وفد سے ملاقا ت کررہے تھے ۔وفد میں پاسٹر عامر فاروق، پاسٹر کلب بوٹس ، افضل بھٹی ، فادر ایڈ ورڈ جوزف اور پاسٹر روبن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار ، تعلیم ، صحت اور سماجی شعبہ میں مسیحی برادری کی خدمات ، مسیحی علاقوں میں درپیش مسائل ، عام انتخابات میں مسیحی برادری کی اہمیت اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ جمہویت پسند ممالک کے انتخابات میں نمائندے اپنی ہار کو نہ صرف تسلیم کرتے ہیں بلکہ نئی بننے والی حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کراتے ہیں ہمیں اسی وڑن کے تحت پاکستان میں جمہوری روایات کو پروان چڑھانا ہوگا ، اختلاف برائے اختلا ف کی بجائے اختلاف برائے اصلاح کی پالیسی کو عام کرنا چاہئے تاکہ ملک وقوم کی بہتر خدمت کی جا سکے ،معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمے کے لئے سیاسی و مذہبی رہنمائوں کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کے رہنمائوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہئے ، عدم تشدد ، فلاح انسانیت اور قومی خدمت کے جذبہ کو فوقیت دینے سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب ، تجاوزات اور سماجی شعبہ کی ترقی کے ضمن میں عام انتخابات میں منتخب نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ عوام کے مسائل میں ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کا جمہوریت پر اعتماد مزید پختہ ہو سکے۔ ملاقات میں ریورنڈ جان قادر نے مسیحی علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب ، تجاوزات اور مسیحی عبادت گاہوں کے تحفظ کے مسائل کے حوالہ سے گورنر سندھ کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل میں مدد کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں مسیحی برادری جوش و خروش کے ساتھ کام کررہی ہے اپنے وطن کے استحکام اور معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے مسیحی برادری بھرپور قومی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے ، عام انتخابات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی سمت کا تعین کریںگے اس ضمن میں مسیحی برادری بھی بھرپور حصہ لے رہی ہے تاکہ پاکستان میں جمہوریت مزید مستحکم اور مضبوط ہوسکے۔ #