پی آئی اے طیاروں کو حادثہ پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات شروع

بدھ 6 جون 2018 22:00

پی آئی اے طیاروں کو حادثہ پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات شروع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر قومی ایئر لائن کے دو طیاروں سے ٹرالیاں ٹکرانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے سیفٹی اینڈ کوالٹی انشورنس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ عملے کو ویدر وارننگ جاری کردی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں موسم کی خرابی سے متعلق کنٹرول ٹاور نے پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائنوں کو خراب موسم کے حوالے سے قبل از وقت متنبہ کردیا تھا۔کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے عملے کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث دونوں طیاروں کو حادثہ پیش آیا، ویدر وارننگ جاری ہونے کے باوجود کھڑے طیاروں کے حوالے سے حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ جب موسم کے حوالے سے وارننگ جاری ہوتی ہے تو پی آئی اے کے عملے کی طرف سے اہم تنصیبات خصوصاً جہاز پر لگنے والی سیڑھیاں، ایمبولفٹر وغیرہ کے حفاظتی انتظامات کیے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ پی آئی اے کے ایئر بس 320 طیارے سے ایمبولفٹر ٹکراگئی تھی جبکہ اے ٹی آر طیارے سے بیگج ٹرالی ٹکرائی تھی، دونوں طیاروں کو نقصان پہنچنے کے باعث گرائونڈ کر دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پی آئی اے کے ایس او پی کے تحت انجینیرز اور سیفٹی اینڈ کوالٹی انشورنس کی ٹیمیں طیاروں کا معائنہ اور تحقیقات کر رہی ہیں۔قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایاکہ واقعے میں اگر انسانی غلطی یا جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔