اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں سے متعلق فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا

بدھ 6 جون 2018 19:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں سے متعلق سنگل رکنی بنچ کے فیصلے کے خلاف پرائیوٹ سکولوں کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔بدھ کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی کے وکیل راشد حنیف ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ یہی فیسوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، عدالت نے حکم دیا کہ آپ سپریم کورٹ کا حکم نامہ عدالت میں جمع کرائیں۔

پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن کی جانب سے لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر عدالتی حکم کے برعکس کچھ نیوز پیپر نے غلط خبر چلائی، اسلام ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ کے فیصلے کو ڈویژن بنچ نے معطل نہیں کیا۔

(جاری ہے)

راشد حنیف ایڈووکیٹ نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے موسم گرما کی تعطیلات کی فیس جمع نہ کرانے کا حکم دیا تھا،جب تک جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا حکم معطل نہیں ہوتا اس وقت تک والدین موسم گرما کی تعطیلات کی فیس جمع نہ کرائیں، وفاق کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل طارق محمود جہانگیری عدالت میں پیش ہوئے ۔

ایڈوکیٹ جنرل طارق محمود جہانگیر ی نے موقف اختیار کیا کہ یہ آئینی معاملہ ہے لہذا رٹ قابل سماعت نہیں ہے، سپریم کورٹ سماعت کر سکتی ہے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔