ْنگران حکومت کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے پالیسی فیصلہ سے گریز کرنا چاہئے، میاں رضا ربانی

بدھ 6 جون 2018 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کو پالیسی فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ نگران حکومت کا کردار اعلی عدالتوں کے مختلف فیصلوں ، انتخابی قوانین اور پاکستان کے آئین کے تحت بہت واضح ہے۔

(جاری ہے)

نگران حکومت کا کام اور مقصد عام انتخابات کے صاف شفاف اور آزدانہ انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت اور ریاست کے معمول کے امور نمٹانا ہے۔

نگران حکومت کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے پالیسی فیصلہ سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں نگران حکومتوں نے اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدے کئے اور نئی منتخب حکومتوں کو ان معاہدوں کا پابند ہونا پڑا۔ انہوں نے موجودہ نگران حکومت کو تجویز دی کہ اگر آئی ایم ایف سے بات چیت ناگزیر ہو تو اس بات چیت سے قبل اور اس کے بعد نگران وزیرخزانہ سینیٹ کو اعتماد میں لیں۔