یونیورسٹیز میں ٹیکنالوجی ٹولز کے استعمال سے تحقیق کے معیار کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ،جاوید میمن

بدھ 6 جون 2018 18:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) ھائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سندھ کے ریجنل ڈائیریکٹر انجینئر جاوید میمن نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں میں تحقیقی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لئے ٹیکنالوجی ٹولز کے استعمال کی بڑی اہمیت ہے جن کی مدد سے تحقیقی کام کے معیار میں اضافہ کیا جاسکتاہے جس کی واضح مشال سافٹ وئیر ٹرنی ٹن کا استعمال ہے جس کی مدد سے کسی مقالہ کے بارے میں یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ یہ کسی دوسرے مقالہ کا سرقہ تو نہیں ہے یا اس کے مواد کو کسی اور طرح استعمال تو نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ شام محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو)کے شعبہ لائیبریری کے زیر اہتمام سافٹ وئیر ٹرنیٹرن کے استعمال پر ہونے والے ورکشاپ میں شر کت کرنے والے فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کو سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹرزبیر شیخ، ایسوسی ایٹ ڈین،ڈاکٹر عاصم امداد، شعبہ جاتی سربراہان ڈاکٹر رضوان الحسن،ڈاکٹر خلیق الرحمان راضی،آصف ناجی، ڈاکٹر طاہر الاسلام اور ہیڈ لائیبریرین حمیرا ناز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنے خطاب میں انجینئر جاوید میمن نے کہا کہ انھیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ ماجو میں کئے جانے والے تحقیقی کا م کا معیار بہت اعلیٰ ہوتا ہے اور انکی جانب سے جمع کرائے گئے مقالوں میں غیر ضروری طوالت سے گریز کیا جاتا ہے اور وہ نہایت جامع ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر تحقیق کا ایک مقصد ہونا ضروری ہے اور مقالے محض لائیبریری میں رکھنے کے لئے نہیں لکھے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقی کاموں کے شعبہ میں نجی یونیورسٹیاں اچھا کام کررہی ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کو اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے یونیورسٹیوں کی مدد لینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے یونیورسٹیوں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے اس لئے انکے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ ایچ ای سی کے قریب آئیں جس کی بنا پر وہ اپنے ہاں پڑھانے کے معیار کو مزید بہتر بناسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ایچ ای سی میں ایک ڈویژن صرف فیکلٹی ڈیویلپمنٹ کے لئے کام کررہا ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ماجو جس بہتر انداز سے اس وقت کام کررہی ہے تو اسے دیکھ کر انھیں پوری امید ہے کہ آگے چل کر اس یونیورسٹی کا شمار دنیا کی پانچ سو بہترین یونیورسٹیوں میں ہوجائے گا۔قبل ازیں تقریب کے آغاز پر ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے انجینئر جاوید میمن کی ماجو میں آمد پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ماجو کے ساتھ ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں تعلیم اور نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے کوئی سمجھو تہ نہیں کیا جاتا ہے اور طلبہ و اساتذہ کی جانب سے جمع کرائے جانے والے مقالوں میں سرقہ کی شکایات چیک کرنے کے لیے ایک علیحدہ سیل بنا دیا ہے تاکہ تحقیقی کام کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ہم اپنی فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے ہم نے ایک سینٹر فار ایگزیکیوٹیولرننگ ڈیویلپمنٹ اینڈ ڈائیورسٹی بھی قایم کیا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے ایچ ای سی کے ریجنل ڈائیریکٹر پر زور دیا کہ وہ ماجو میں تحقیقی کام کرنے والوں کو آئی ایس آئی ویب آف نالج تک رسائی فراہم کریں۔