Live Updates

مسلم لیگ ن نے بھی ریحام خان کی کتاب کی مخالفت کردی

نوازشریف اس قسم کی کتاب کی حمایت نہیں کریں گے، نہ ہی اہمیت و فوقیت دیں گے، معذرت کے ساتھ اس کتاب میں ریحام خان خاتون ہونے کا ثبوت نہیں دے رہیں،رہنما مسلم لیگ ن زعیم قادری

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 5 جون 2018 23:23

مسلم لیگ ن نے بھی ریحام خان کی کتاب کی مخالفت کردی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-05 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن نے بھی ریحام خان کی کتاب کی مخالفت کردی۔رہنما مسلم لیگ ن زعیم قادری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نوازشریف اس قسم کی کتاب کی حمایت نہیں کریں گے، نہ ہی اہمیت و فوقیت دیں گے، معذرت کے ساتھ اس کتاب میں ریحام خان خاتون ہونے کا ثبوت نہیں دے رہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب اب تک کافی متنازعہ ہو چکی ہے ۔

عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الیکشن سے پہلے اپنی کتاب منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کتاب میں نہ صرف ریحام خان کی زندگی کے نشیب و فراز شامل ہیں بلکہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کتاب میں وہ بہت سے انکشافات بھی کریں گی۔ کتاب انگریزی میں ہوگی جس کا اردو ترجمہ بھی شائع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم ریحام خان کی کتاب منظر عام پر آنے سے پہلے ہی تنازع کا شکار ہو چکی ہے۔

اس کتاب سے منسوب سب سے بڑا تنازعہ یہ ہے کہ یہ کتاب سیاسی انتقام کی غرض سے لکھی گئی ہے اور اس کتاب کو مسلم لیگ ن کی ایما پر لکھا گیا ہے۔اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی جانب سے دئیے گئے بیانات کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے جس میں انہوں نے بڑے وثوق سے کتاب کے اجرا کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق مسلم لیگ ن نے بھی ریحام خان کی کتاب کی مخالفت کرتے ہوئے اسے غیر اخلاقی قرار دے دیا۔

نجی ٹی کے ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن زعیم قادری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی مذمت کرتے ہیں، یہ ہماری پارٹی پوزیشن ہے. نوازشریف اس قسم کی کتاب کی حمایت نہیں کریں گے، نہ ہی اہمیت و فوقیت دیں گے، معذرت کے ساتھ اس کتاب میں ریحام خان خاتون ہونے کا ثبوت نہیں دے رہیں. ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب میں جو کچھ ہے، اس پرمزید بات نہ کی جائے، یہی بہتر ہے، ن لیگ ریحام کی کتاب کو ایشو نہیں‌ بنائی گئی، یہ ہماری پارٹی پالیسی ہے.انکا مزید کہنا تھا کہ ہم پر یہ الزام غلط ہے کہ ریحام خان نے ہماری ایما پر کتاب لکھی ہے ۔ ریحام کی کتاب کا چھپنا سماجی، معاشرتی اور مذہبی اعتبار سے غلط ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات