گرد آلود طوفان کے بعد لاہور ہنگامی حالت کا شکار

450 فیڈرز ٹرپ کر جانے سے 70 فیصد شہر تاریکی میں ڈوب گیا ، مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 5 جون 2018 22:33

گرد آلود طوفان کے بعد لاہور ہنگامی حالت کا شکار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-05 جون 2018ء) : گرد آلود طوفان کے بعد لاہور ہنگامی حالت کا شکار ہو گیا۔ 450 فیڈرز ٹرپ کر جانے سے 70 فیصد شہر تاریکی میں ڈوب گیا ، مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے کافی دنوں سے سخت گرمی کی لپیٹ میں تھے ۔گزشتہ کتنے دنوں سے لاہور کا درجہ حرارت 40 سے اوپر جا رہا تھا جس کے باعث روزے میں شہریوں کی حالت خراب ہو رہی تھی اور ہر جانب سے موسم کی بہتری کے لیے دعائیں کی جا رہی تھیں ۔

آج موسم کی صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی تھی ۔پہلے پہل کشمیر اور بالائی پنجاب میں موسم نے کروٹ بدلی تو لاہور میں بھی اس کے اثرات آن پہنچے۔آج شام لاہور شدید آندھی کی زد میں تھا۔شہر بھر گرد کے طوفان کی زد میں آ یا ۔

(جاری ہے)

جس کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی تھی۔ائیر پورٹ پر آندھی کی رفتار 102 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔اس کے علاوہ لیسکو حکام کے مطابق 70سے زائد فیڈر ٹرپ کر چکے ہیں جس کے بعد شہر کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب چکے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لیسکو حکام نے نئے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت طوفان سے بجلی کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔450 فیڈرز ٹرپ کر چکے ہیں جس کے بعد 70 فیصد لاہور شہر تاریکی میں ڈوب چکا ہے۔متاثر ہونے والے علاقوں میں وحدت کالونی ، سمن آباد، نواں کوٹ ،ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاون سمیت بتعدد علاقے شامل ہیں۔اس حوالے لیسکو حکام کا کہنا تھا کہ بارش کے رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب طوفان کے باعث ہونے والے حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ رائیونڈ روڈ اور برکی روڈ پر حادثات میں ایک ، ایک بچہ جاں بحق ہوا جبکہ شاہدرہ میں عمارت گرنے سے ایک ضعیف شخص جاں بحق ہوا ہے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔مجموعی طور پر زخمیوں کی تعداد ایک درجن کے قریب ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔