حسن بیگ کا ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کا چارج سنبھالنے کے بعد اتھارٹی ہیڈ آفس کراچی کا دورہ

منگل 5 جون 2018 22:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) حسن بیگ نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کا چارج سنبھالنے کے بعد منگل کو کراچی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سینئر انتظامیہ سے ملاقات کی۔ اپنے ابتدائی خطاب میں انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سینئر انتظامیہ سے کہا کہ وہ ایک ٹیم کی طرح ایک دوسرے سے ملکر کام کریں تاکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک ترقی یافتہ اور متحرک ادارہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خطے کی بہترین سول ایوی ایشن اتھارٹیز میں شامل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ہر ڈائریکٹوریٹ ، کور اور نان کور کی کارکردگی کا اہم کارکردگی کے اشاریوں کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی مینجمنٹ سے کہا کہ وہ ہر ڈائریکٹوریٹ کے سالانہ اور سہ ماہی ٹاسک اور اہداف مقرر کرے تاکہ ادارے کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تمام ڈائریکٹرز نے ڈی جی سول ایوی ایشن کو ادارے کی بہتری کیلئے اپنے تمام ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہیومن ریسورس کی تربیت اور ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنا کر ہر ڈائریکٹوریٹ کی استعداد کار بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :