الیکشن کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کو خیبرپختونخوا کا نگران وزیراعلی مقرر کر نیکا اعلان کردیا

منگل 5 جون 2018 22:00

الیکشن کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کو خیبرپختونخوا کا نگران وزیراعلی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کو خیبرپختونخوا کا نگران وزیراعلی مقرر کر نے کا اعلان کردیا ہے،آرٹیکل 223 اے کے تحت نگران وزیراعلی کے تقرر کے حوالے سے اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے چار نام بھیجے تھے،الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو 4نام ارسال کئے گئے تھے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجوائے گئے مراسلے میں حکومت کی جانب سے حمایت اللہ خان اور اعجاز قریشی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے منظور آفریدی اور جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کا نام شامل تھے ۔

صوبے میں نگران سیٹ اپ کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہو چکے تھے اور پارلیمانی کمیٹی بھی ناکام ہو گئی تھی جس کے بعد نام الیکشن کمیشن کوارسال کئے گئے ہیں اورالیکشن کمیشن آئین کے تحت نگران وزیر اعلیٰ دوست محمد کو مقرر کردیا ہے جسٹس دوست محمد خان 20 مارچ 1953 کو خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں پیدا ہوئے تھے،ان کو فوجداری قانون پر اتھارٹی سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 1976 میں سندھ مسلم لاء کالج، کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی، 2002 میں پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔ بطور جج ان کا کیرئیر دس ستمبر 2002 کو شروع ہوا جب وہ پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل جج مقرر ہوئے۔ ایک سال بعد جسٹس دوست محمد خان کو مستقل جج بنایا گیا۔2014 کو انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھایا۔اس دوران انہوں نے تلور پابندی کیس،دہشتگردی سمیت کئی مقدمات کی سماعت کی، جبکہ انہوں حج ٹوور آپریٹر کے متعلق تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے حکومت کو پابند کیا کہ حاجیوں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں، چار سال ایک ماہ اور اٹھارہ دن سپریم کورٹ میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے بعد جسٹس دوست محمد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے