سندھ کے علاقے کشمور کی ابھرتی ہوئی نوجوان قیادت ،بااثر سیاسی شخصیت اور سابق ڈسٹرکٹ نائب ناظم سردار شمشیر خان مزاری نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان

منگل 5 جون 2018 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) سندھ کے علاقے کشمور کی ابھرتی ہوئی نوجوان قیادت ،بااثر سیاسی شخصیت اور سابق ڈسٹرکٹ نائب ناظم سردار شمشیر خان مزاری نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ وہ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرکے عوام کی خدمت کریں گے اور کشمور کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ، عوامی قوت اور اتحاد سے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کا مقابلہ کریں گے اور عوام کو دھوکا دینے والی جماعتوں سے نجات دلائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں اس بات کا بھی اعلان کیا گیا کہ وہ این اے 197سے مجلس عمل کے امید وار ہوں گے ۔پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سکریٹری ممتاز حسین سہتو، نائب امراء صوبہ سندھ حافظ نصر اللہ عزیز،عظیم بلوچ، مجلس عمل کشمور کے صدر ابوالفتح پٹھان ،سکریٹری اطلاعات سندھ مجاہد چنا ، سکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

پریس کانفرنس میں ممتاز حسین سہتواور حافظ نصر اللہ نے سردار شمشیر خان مزاری کو اجرک کا تحفہ پیش کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستا ن کے امیر سینیٹر سراج الحق نے سردار شمشیر خان مزاری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں جماعت اسلامی میں خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی اور منصورہ آنے کی دعوت بھی دی ۔ سردار شمیشر خان مزاری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں جماعت اسلامی کے تمام رہنماؤں کا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوںنے مجھے عزت دی ۔

میں نے ایک عظیم مقصد اور عوام کی خدمت کے لیے جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان کیا ہے ۔جماعت اسلامی وہ جماعت ہے جس پر کوئی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھاسکتا ۔میں نے اس پلیٹ فارم کا کشمور اور راجن پور میں اپنے دیگر دوستو ں اور احباب کے مشورے سے انتخاب کیا ہے ۔ ہم انتخابات میں بھرپور تیاری اور منصوبہ بندی کے ساتھ شرکت کریں گے اور موقع ملا تو کشمور کے عوام اور جماعت اسلامی کا حق ادا کریں گے ۔

ہمیں عوام کی طاقت اور اللہ پر بھروسہ ہے ۔ ہم انتخابات میں غیر معمولی کارکردگی اور نتائج کا مظاہرہ کریں گے ۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ سردار شمیر خان مزاری پر عزم ، بہادر اور حوصلہ مند نوجوان ہیں جو ملک کے ایوانوں میں جاکر عوام کی ترجمانی کریں گے ۔کشمور میں این اے 197سے مجلس عمل کے امید وار ہوں گے ۔جماعت اسلامی کے دروازے ہر محب وطن پاکستانی کے لیے کھلے ہیں جو ملک کی خدمت او ر تعمیر کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نگراں حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات کو بروقت کرائیں اور الیکشن کمیشن دفعہ 62/63پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔آزاد ،شفاف اور غیر جانبدار انہ انتخابات عوام کا حق ہے ۔سندھ کی نگراں حکومت کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اگر سندھ حکومت نے جانبداری کا مظاہرہ کیا تو اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم سردار شمشیر خان مزاری کو جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شمشیر خان کی جماعت اسلامی میں شمولیت کسی دولت یا شہرت کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ شمشیر خان کی شمولیت سے جماعت اسلامی کو قوت ملے گی ۔#