لسانی سیاست کرنے اور عوامی مینڈیٹ چوری کر نے والے ناکام ہوں گے ،حافظ نعیم الرحمن

ایم کیو ایم نے کئی مرتبہ حکومت اور اقتدار کے مزے لوٹے لیکن عوام کے مسائل حل نہیں کیے ۔ملیر میں عوامی دعوت ِ افطار سے خطاب

منگل 5 جون 2018 20:58

لسانی سیاست کرنے اور عوامی مینڈیٹ چوری کر نے والے ناکام ہوں گے ،حافظ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں لسانیت کی سیاست کر نے اور سر کاری سر پرستی میں عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والے 25جولائی کو ناکام ہوں گے ۔عوام ماضی کے حالات دوبارہ نہیں آنے دیں گے ۔ایم کیو ایم نے کئی مرتبہ حکومت اور اقتدار کے مزے لوٹے لیکن عوام کے مسائل حل نہیں کیے ۔

جماعت اسلامی عوامی قوت کے سا تھ موجود ہے ۔کے الیکٹرک اورنادرا کی زیادتیوں کوتحفظ دینے والے اپنے انجام کوپہنچیںگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جناح اسکوائر ملیر میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کے دورا ن کیا ۔اس موقع پر نائب امیر ضلع شرقی توفیق الدین صدیقی ،امیرملیرزون صہیب بلال ،نائب امیرزون کریم بخش ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آرسی ڈی گرائونڈ ملیر میں عوام کے نام نہاد نمائندوں کا شوبری طرح فلاپ ہوا ہے ۔

اب متحدہ مجلس عمل ہی ہرجگہ کامیابی حاصل کرے گی ۔ کلمے کی بنیاد پر وجود میں آنے والی ریاست پر اللہ کے نظام کے خواہاں ہیں ۔کتاب کوہاتھ میں تھام کر قرآن وسنت پرمبنی نظام شریعت قائم کریں گے ۔بدعنوانوں ،لٹیروں ،جاگیرداروں ،سرمایہ داروں اورامریکہ اوراس کے حواریوں کوشکت فاش دیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور بر کتوں کا مہینہ ہے ۔

اس ماہ ِ مبارک میں قرآن کریم نازل ہوا۔ حق اور باطل کا سب سے بڑا معرکہ غزوہ بدر پیش آیا ، محمد بن قاسم سندھ کے اندر اسلام کی دعوت لے کر آئے ۔ مملکت ِ خداداد پاکستان معرض وجود میں آیا ۔ رمضان کے آخری عشرے میں لیلة القدر کی وہ عظیم رات ہے جس میں عبادت ہزار مہینوں کی عبادت کے برابر ہے اور اس رات قرآن عظیم الشان نازل ہوا ۔ اللہ تعالی کا بڑا کرم اور فضل ہے کہ اس نے ہم کو ایک بار پھر اس بابرکت مہینے سے نوازا ہے ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس ماہ ِ مبارک کی جتنی بھی ساعتیں ہمیں میسر آئیں ہم ان میں اللہ تعالی سے رحمت ، مغفرت اور دوزخ کی آگ سے نجات طلب کریں ۔