سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، شہادتیں

منگل 5 جون 2018 00:05

سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، شہادتیں
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ 3ایف سی اہلکار شہید دو زخمی ،سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور ہلاک دوسرے نے خود کو اڑادیا ۔اطلاعات کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے مقام پر عزیز چیک پوسٹ افطاری کے وقت پر 2حملہ آوروں نے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی چھت پر بیٹھے ایف سی اہلکار نے حملہ آوروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہلاک جبکہ دوسرے حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ خودکش حملے کے باعث تین ایف سی اہلکار منیر جان ،احمد خان اور پرویز موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ارشاد اور نصیر احمد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر کوئٹہ منتقل کردیاگیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پرپہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نواب زادہ میر سراج رئیسانی ،میر حاجی علی مدد جتک اوردیگر نے مستونگ میں ایف سی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک دشمن عناصر قوتیں صوبے کی ترقی وخوشحالی نہیں چاہتے اس لئے وہ اپنے ناکام عزائم کے ذریعے سیکورٹی فورسز پر حملے کررہے ہیں ،فورسز کی قربانیوں کے بدولت امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔