شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے سب کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے،وسیم اختر

منگل 5 جون 2018 00:03

شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے سب کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تیسری سطح کی حکومت ہونے کے ناطے بلدیاتی نمائندوں کو اس وقت حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ ہم سب مل کر کراچی کی بہتری کے لئے کام کرسکیں،شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے سب کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے،دعوت افطار میں وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سمیت سابق اور موجودہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے مشکور ہیں جن کی آمد سے صرف ہماری نہیں بلکہ پوری کونسل اور پورے کراچی کے یوسی چیئرمینز کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن جناح پولو گرائونڈ میں دی گئی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمن ، گورنر سندھ محمد زبیر، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عامر خان، کنور نوید جمیل، خواجہ اظہار الحسن کے علاوہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا،میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس شیخ، مختلف ممالک کے سفارتکار، سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت احمد شاہ، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، سینئر صحافی، اینکرپرسنز، کے ایم سی کی کونسل کے پارلیمانی لیڈراسلم شاہ آفریدی اور دیگر چیئرمینز اور چیئرپرسنزکے علاوہ معززین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ وسیم اختر پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے منتخب میئر ہیں، شہر کی بہتری کیلئے ان سے تعاون کرتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو ہوچکا اسے بھول کر ہمیں آگے دیکھنا چاہئے، امید ہے کہ آنے والی صوبائی حکومت بھی کراچی کی منتخب قیادت کے ساتھ مل کر کام کرے گی، انہوں نے کہا کہ ہم سب کراچی والے ہیں اور ہمیں شہر کی منتخب بلدیاتی قیادت کی صلاحیت پر مکمل بھروسہ ہے، صوبے اور شہر کی بہتری کے لئے جو سیاسی پارٹی بھی قدم بڑھائے گی اس کا ساتھ دیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ شہر کی بہتری اور خوشحالی کے لئے تمام لوگ مل جل کر کام کرتے رہیں گے ۔