انتخابات اور جمہوری عمل ہی ملک میں نظام اور قیادت کی تبدیلی کی پائیدار شاہراہ ہے ، لیاقت بلوچ

پیر 4 جون 2018 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہو ر میں عوامی افطار ی اور ایم ایم اے کی ضلعی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ انتخابات اور جمہوری عمل ہی ملک میں نظام اور قیادت کی تبدیلی کی پائیدار شاہراہ ہے۔ ستر سال میں سیاسی جمہوری قیادت ، سول بیوروکریسی اور ریاست کے اہم ترین اداروں کی ناپختگی اور مفادات پر مبنی کمزور اقدامات نے پورے نظام کو درہم برہم کردیاہے۔

ووٹرز اپنی عزت کے لیے ووٹ اہل ، دیانتدار اور عزت داروں کے حوالے کریں پھر ہی پاکستان خوش حال و مستحکم ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی ہوتا جارہاہے۔ اس وقت سیاست ، عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت ایک پیج پر ہیں ،اب کوئی بھی دیدہ یا نادیدہ قوت انتخابی عمل کو سبوتاڑ نہ کرے وگرنہ بڑی خرابیاں جنم لیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چودہ اگست 2018 ئ کو پاکستان پائیدار جمہوری عمل کی فضا میں آناچاہیے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا قومی ورکرز کنونشن اور مینار پاکستان پر جلسہ عام تاریخی کامیابی ہے۔ ان شائ اللہ 5 جون کو اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے منشور کا اعلان ہوگا۔ عید کے بعد پشاور ، ملتان ، کراچی ، کوئٹہ ، راولپنڈی ، مالاکنڈ ، ایبٹ آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان ، بہاولپور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد کے جلسہ عام قومی سیاست میں محبان دین ووٹرز کو یکسو اور یک جان کردیں گے۔ سیکولرو مفادپرستوں کو زوال آئے گا۔