جامعہ کراچی کے تمام افسران کو عید الائونس جاری کرنے کے احکامات جاری

جامعہ کراچی،سندھ حکومت کی جانب سے تین کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک موصول

پیر 4 جون 2018 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے جامعہ کراچی کو تین کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک موصول ہوگیاہے اور یہ گرانٹ جامعہ کراچی کے پی ایچ ڈی اساتذہ کو سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے اعلان کردہ پی ایچ ڈی الائونس کے اضافی پندرہ ہزار روپے دیئے جانے کی مد میںدی گئی ہے جس پر میں حکومت سندھ کے تعلیم دوست اقدامات پر ان کا بیحد شکریہ اداکرتاہوں۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ ہر پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبرکو75000 روپی(پانچ ماہ کے بقایاجات کی مد میں) گرانٹ کے جامعہ کراچی کے اکائونٹ میں منتقل ہوتے ہی فراہم کردے گی۔ڈاکٹر محمد اجمل خان نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ پی ایچ ڈی الائونس کے اضافی رقم کی مزید پانچ ماہ کی گرانٹ بھی جلد جامعہ کراچی کو فراہم کردی جائے گی ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جامعہ کراچی کے تمام افسران کو عید الائونس جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے اور جلد ہی عید الائونس کی رقم ان کے اکائونٹ میں منتقل ہوجائے گی۔

میری پوری کوشش ہے کہ جامعہ کراچی کے نامساعد مالی حالات کے باوجود تمام اساتذہ کو بھی جلد سے جلد عید الائونس فراہم کیا جائے اور اس سلسلے میں بہت جلد فائنانس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جارہاہے جس میں اساتذہ کو عید الائونس دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ میری پوری کوشش ہوگی کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ کو بھی جلد سے جلد عید الائونس کی ادائیگی کو ممکن بنایا جائے۔