جماعة الدعوة کراچی کے تحت شہر میں 40 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے

پیر 4 جون 2018 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) جماعة الدعوة کراچی کے تحت شہر میں 40 سے زائد مساجد میں اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ معتکفین کل 20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے اور عیدالفطر کاچاند نظرآنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔ جماعة الدعوة کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال سمیت دیگر بڑی مساجد میں رمضان کے آغاز سے ہی رجسٹریشن شروع کردی گئی تھی۔

جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی، جامع مسجد نمرہ نارتھ ناظم آباد، جامع مسجد ریاض الجنہ نارتھ کراچی، جامع مسجد حنین قائد آباد، جامع مسجد الحرمین ماڈل کالونی، جامع مسجد باب الاسلام ڈالمیا سمیت دیگر بڑی مساجد میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مساجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی نوجوان معتکفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

جماعة الدعوة کے ترجمان کے مطابق جماعة الدعوة کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال میں امسال قریباًً چار سو مرد و خواتین اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔ جہاں قاری حافظ طاہر نماز تراویح کی امامت اور جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی عبداللطیف خلاصہ قرآن بیان کر رہے ہیں۔ خواتین کے لیے مرکز تقویٰ کے علاوہ دیگر بڑی مساجد میں اعتکاف کا مکمل باپردہ انتظام کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جماعة الدعوة کے مساجد و مراکز میں معتکفین کے لیے سحر و افطار کا اہتمام جماعة الدعوة کرتی ہے۔ جبکہ طاق راتوں میں لیلة القدر کی تلاش کے لیے بھی معتکفین کو موقع و ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ معتکفین کی دینی رہنمائی کے لیے جید علمائے کرام کے علمی و اصلاحی دروس کا شیڈول بھی مرتب کیا گیا ہے۔ معتکفین علمائے کرام کی نگرانی میں اپنے شب و روز بسر کرتے ہیں اور اللہ کی عبادت میں مصروف رہتے ہیں۔