میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ فائر بریگیڈ کے عملے کو رواں ماہ کی تنخواہ کے ساتھ ایک ماہ کا فائر رسک الائونس 2کروڑ 40 لاکھ روپے ادا کرنے کی منظوری دے دی

پیر 4 جون 2018 20:19

میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ فائر بریگیڈ کے عملے کو رواں ماہ کی تنخواہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ فائر بریگیڈ کے عملے کو رواں ماہ کی تنخواہ کے ساتھ ایک ماہ کا فائر رسک الائونس 2کروڑ 40 لاکھ روپے ادا کرنے کی منظوری دے دی ،فائربریگیڈ کے عملے کو رواں ماہ کی تنخواہ کے ساتھ عید سے قبل ایک ماہ کا فائر رسک الائونس ادا کیا جا رہا ہے جبکہ بقایا فائر رسک الائونس کی ادائیگی بھی ایک طریقے کار کے تحت کی جائے گی، محکمہ فائربریگیڈ کے عملے کو فائر رسک الائونس کی ادائیگی کے معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ فائر فائٹرز کے مسائل کو حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ فوری طور پر اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک ماہ کا فائر رسک الائونس رواں ماہ کی تنخواہ کے ساتھ فوری طور پر ادا کردیا جائے، محکمہ فائر بریگیڈ نامساعد حالات اور جدید ٹیکنالوجی کی عدم فراہمی کے باوجود جس طرح اپنے فرائض ادا کررہا ہے وہ قابل تحسین ہے، چاہے وہ 2005 کا زلزلہ ہو یا ملک میں آنے والی دیگر آفات، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائربریگیڈ نے ہمیشہ ہی اپنے کام سے نہ صرف یہ کہ دوسروں کے دل جیتے ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوںاور املاک کو بھی محفوظ بنایا ہے، دنیا بھر میں فائربریگیڈ کے اہلکاروں کو ہیرو مانا جاتا ہے اور ہمارے لئے بھی یہ فائر فائٹرز ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں ،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ فائربریگیڈ کو بہتر بنا رہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، فائربریگیڈ کراچی شہر کی بنیادی ضرورت ہے لہٰذا اس محکمے کی بہتری میں رکاوٹ ڈالنے والے کسی بھی افسر کو برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں شہری سہولتوں کی فراہمی کے ادارے کام کرتے ہیں مگر ان میںفائر بریگیڈ کاکردار سب سے نمایاں ہوتا ہے، یہ فائر بریگیڈ کا ہی محکمہ ہے جو ہر تہوار اور ہرتعطیل کے دوران بھی دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے سرگرم رہتا ہے، انہوںنے کہا کہ محکمہ فائربریگیڈ انتہائی اہمیت کا حامل محکمہ ہے دیگر محکمے ایک خاص ماحول میں کام کرتے ہیں جبکہ یہ واحد ایک ایسا محکمہ ہے جو نامساعد حالات میں اپنی جانوںکی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانوں اور املاک کو بچانے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے فائر مین ہمیشہ بہادر اور ایماندار ہوتا ہے جو اپنی زندگی کی پروا کئے بغیر دوسروں کی مد دکرتا ہے اور اس طرح وہ اصل ہیروکہلانے کا حقدار ٹہرتا ہے انہو ںنے کہا کہ دنیا میں ترقی کے لئے اپنے اپنے شعبے میں کام کرنے کی ہی اہمیت ہے جن لوگوں نے اپنے شعبوں میں بہتر سے بہتر کام کیا اور اپنی بھر پور صلاحیتوں کو استعمال کیا ان کا نام تاریخ کے اوراق میں لکھا گیا انہوں نے کہا کہ ہمارا محکمہ فائر بریگیڈ کسی بھی طرح کام میں پیچھے نہیں ہے مگر ان کو ایک ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو ہمہ وقت ان کے ساتھ ہو اور ان کی مدد کرے، محکمہ فائر بریگیڈ کے ملازمین اپنے مسائل کے حل کے لئے مجھے اپنے ساتھ پائیں گے، میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے محکمہ فائر بریگیڈ کے مختلف فائر اسٹیشن کے آفیسرز کے ساتھ اجلاس میں کہا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر محکمہ فائربریگیڈ کے مسائل حل کرنے کیلئے جلد ہی تمام فائر اسٹیشن کا باقاعدہ دورہ کروں گا تاکہ ملاقات کے نتیجے میں نظر آنے والے مسائل اور پیش کئے جانے والی تجاویز پر عمل درآمد کرکے محکمہ فائربریگیڈ کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے، اس موقع پر کے ایم سی بلڈنگ میں محکمہ فائربریگیڈ کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ فائر رسک الائونس ملازمین کا حق ہے بقایہ الائونس کی مد میں رقم بھی جلد ادا کی جائیگی ، ہمیں چاہئے کہ ہم احتجاج کا راستہ چھوڑ کر آگے کی جانب سفر کریں تاکہ ترقی کرسکیں ، انہو ںنے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں خود تمام فائر اسٹیشن کے دورے کروں اور آگ بجھانے والی گاڑیوں کو مکمل درست حالت میں رکھنے کے ساتھ ساتھ عملے کی رہائش گاہوں کو بھی بہتر بنایا جائے۔