انڈونیشیا میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں تین افراد گرفتار

گرفتارافرادسے مختلف نوعیت کے بم اور دھماکا خیز آلات بھی برآمد کر لیے،انسداددہشت گردی پولیس

اتوار 3 جون 2018 16:20

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) انڈونیشیا میں انسداد دہشت گردی کی پولیس نے جزیرہ سماٹرا کے شہر پکانبارو کی ایک یونیورسٹی میں چھاپے کے دوران تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے پاس سے مختلف نوعیت کے بم اور دھماکا خیز آلات بھی برآمد کر لیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس کے ترجمان کے بیان میں کہاگیاکہ حکام کو شبہ ہے کہ ان تینوں افراد نے پکانبارو میں مقامی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس کو ایک ایئرگن اور متعدد تیر کمانوں کے علاوہ کھاد جیسا مواد بھی ملا جو دھماکا خیز آلات تیار کرنے میں کام آ سکتا ہے۔اس سے قبل انڈونیشی حکام ملکی جامعات میں شدت پسندی کے پروان چڑھنے پر اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ پکانبارو پولیس کے صدر دفتر کے نزدیک افسران پر تلواروں سے حملہ کرنے والے چار افراد کو گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا گیا تھا۔یہ واقعہ انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سوراپایا میں گرجا گھروں اور پولیس کی عمارتوں پر شدت پسندوں کے خودکش دھماکوں کے سلسلے کے بعد پیش آیا۔سوراپایا کے حملوں میں تقریبا 30 افراد مارے گئے جن میں 13 کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ خودکش حملہ آور تھے۔