مقبوضہ کشمیر: سید علی گیلانی کی سرینگر میں بھارتی فوج کی گاڑی کی طرف سے معصوم نوجوان کو کچلنے کی شدید مذمت

قابض بھارتی فورسزنے کشمیری نو جوانوں کو شہید کرنے کے نئے خوف ناک اور دردناک طریقے ایجاد کئے ہیں‘سید علی گیلانی

اتوار 3 جون 2018 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں ایک معصوم نوجوان قیصر احمد بٹ کو بھارتی فوج کی گاڑی کی طرف سے کچلے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز اپنے آقاؤں کی طرف سے اعلان کردہ جنگ بندی کا عملی مظاہرہ کررہے ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں شہیدنوجوان کے جنازے میں شریک لوگوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسزنے ہمارے نو جوانوں کو شہید کرنے کے نت نئے طریقے ایجاد کئے ہیں اور ہر نیا طریقہ پہلے سے زیادہ خوف ناک، وحشیانہ اور دردناک ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھارتی فوج کی بکتر بند گاڑی نے احتجاج کرنے والے ایک معصوم نوجوان کو بہیمانہ طریقے سے کچل ڈالا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب گولیوں اور پیلٹوں کے ذخائر استعمال کرنے کے بجائے کشمیری نو جوانوں کو گاڑیوں سے کچلنے کا انوکھا تجربہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا قتل وغارت کے اس نہ تھمنے والے ماحول میں یہاں کوئی شہری محفوظ نہیں ہے۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارت ایک بڑا جمہوری ملک اور تجارتی منڈی کے طور دنیا میں اُبھرنے کا خواب دیکھ رہا ہے لیکن اس کے توسیع پسندانہ عزائم اور کمزوروں کو زیر کرنے کی پالیسی روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ اور گولہ بارود خریدنے والا ملک ہے ۔حریت چیئرمین نے کہا ہم اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت سے ضرور بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہوجائیں گے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کے ہر وار کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں کہ کشمیری عوام اس کی سفاکیت اور درندگی کے آگے کبھی سرنڈر نہیں کریں گے۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت رہنما بشیر احمد قریشی کی قیادت میں ایک وفد فتح کدل گیا اورشہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ ترجمان نے قیصر احمد بٹ کی شہادت کے بعد بھارتی پولیس کی طرف سے آزادی پسندرہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی، غلام احمد گلزار، بلال احمد صدیقی، محمد اشرف لایا اور عمر عادل ڈار سمیت درجنوں حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو جیلوں اور گھروں میں نظربند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہمارے معصوم نوجوانوںکو منصوبہ بند طریقے سے شہید کیا جارہا ہے اور دوسری طرف ہمیں اس ظلم وبربریت کے خلاف ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ۔

ترجمان نے گزشتہ روز اسلام آباد قصبے میں بھارتی پولیس ٹاسک فورس کی طرف سے عام شہریوں پر مظالم ڈھانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔انہوںنے کہاکہ پولیس کی ٹاسک فورس نے گزشتہ روزاسلام آباد قصبے میں طوفان بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے درجنوں عام شہریوں کو شدید زخمی کردیا ہے اور ان میں جنوبی کشمیر کے سومو ڈرائیور زایسوسی ایشن کے صدر محمد اشرف ریشی بھی شامل ہے جن کوزخمی حالت میں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔