حب چوکی، رینجرز چیک پوسٹ پر فائرنگ اور خود کش دھماکا،ڈیوٹی پر تعینات دو اہلکار زخمی ہوگئے

ہفتہ 2 جون 2018 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) شہر قائد کے علاقے اور بلوچستان کی حدود حب چوکی کے قریب خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر تعینات2 اہلکار زخمی ہوگئے۔رینجرزترجمان کے مطابق کراچی اور بلوچستان کی سرحد سے ملحقہ علاقے حب چوکی کے قریب واقع رینجرز چیک پوسٹ پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کی اور خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش بھی کی۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری ابتدائی اعلامیے کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں نے پیدل چلنے والے مشکوک شخص کو روکا جس پر اس نے فائرنگ شروع کردی، رینجرز اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد کی خودکش جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی۔رینجرز ترجمان کے مطابق خودکش حملہ آور ممکنہ طور پر چوکی کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جس میں وہ ناکام رہا، دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا اور نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق دھماکا حب چوکی کے قریب مائی گاڑی چوکی پر ہوا جبکہ واقعہ افطاری کے وقت پیش آیا جب 2 گاڑیاں اسنیپ چیکنگ پر تھیں۔رینجرز ذرائع کے مطابق حملہ آور جھاڑیوں سے باہر آیا تو اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تاہم حملہ آور کے نہ رکنے پر رینجرز اہلکاروں نے فائرنگ کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔آئی جی سندھ نے مبینہ خودکش دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی آئی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔