میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز بل کے مکمل بقایا جات کی ادائیگی پر 25 فیصد رعایت دینے کا اعلان

جون 2018 تک تمام صارفین مکمل بقایاجات کی ادائیگی پر 25 فیصد رعایت حاصل کرسکیں گے،میئر کراچی وسیم اختر

جمعہ 1 جون 2018 20:03

میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز بل کے مکمل بقایا جات کی ادائیگی پر 25 فیصد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے صارفین کی سہولت کے لئے جون 2018 تک میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز بل کے مکمل بقایا جات کی ادائیگی پر 25 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت جون 2018 تک تمام صارفین مکمل بقایاجات کی ادائیگی پر 25 فیصد رعایت حاصل کرسکیں گے جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2017 ء میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز کے بل بھی صارفین میں تقسیم کئے جاچکے ہیں ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے 29 مارچ 2018 ء کو منعقدہ اجلاس میں میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز بل کے مکمل واجبات جمع کرانے پر صارفین کو 25 فیصد رعایت دینے کی منظوری دے دی تھی جس کے تحت صارفین کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ MUCT کے دفتر واقع المرکز اسلامی (شاہراہ پاکستان) پلاٹ نمبر ST-09 ، بلاک نمبر 7 ، نزد ٹیلیفون ایکسچینج، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا سے رابطہ کرکے اس رعایت سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ فون نمبر:021-99246306 ،021-99246307 پر رابطہ کرکے اس سلسلے میں مزید تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں، واضح رہے کہ بلدیاتی خدمات ترقیاتی کاموں کی انجام دہی اور دیکھ بھال کے انتظامات کو برقرار رکھنے کے لئے 2 جون 2018ء کو سٹی کونسل کی قرارداد نمبر 364 کے ذریعے میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز بل عائد کیا گیا تھاجبکہ جنوری2009 ء میں پہلی بار MUCT بل متعارف کرایا گیا تھا جس میں رہائشی ، کمرشل یونٹ ، صنعتی و تجارتی اراضی ، رفاعی پلاٹس اور صنعتی علاقے شامل ہیں، نئے سروے کے بعد صارفین کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، MUCT بل نادہند گان پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تقریباً 10 ارب روپے کے واجبات ہیں لہٰذا دیگر شہری اداروں کے ڈی اے، کے الیکٹرک، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی طرز پر میونسپل یوٹیلیٹی سروس چارجز کے واجبات جمع کرانے کے خواہشمند صارفین کو کل واجبات کی ادائیگی پر 25 فیصد رعایت دی گئی ہے تاکہ ریکوری میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے یوٹیلیٹی چارجز بل کی ادائیگی مقررہ تاریخ کے اندر کردیں تاکہ بلدیاتی خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر اور موثر بنایا جاسکے۔