Live Updates

خواجہ آصف کے بعد جہانگیر ترین کے لیے بھی بڑی خوشخبری آ گئی

خواجہ صف کی نا اہلی کو کالعدم قرار دینے کا فائدہ براہ راست جہانگیر ترین کو بھی ہو گا،پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 1 جون 2018 15:07

خواجہ آصف کے بعد جہانگیر ترین کے لیے بھی بڑی خوشخبری آ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) :پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی نا اہلی کو کالعدم قرار دینے سے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کو بھی فائدہ پہنچے گا۔تفصیلات کے مطابق آج عدالت نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی نا اہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔اسی متعلق گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہ اس کیس کا ابھی تک تفصیلی فیصلہ تو نہیں آیا تا ہم ابھی جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا کہ ہے کہ اس طرح کے مقدمات کو آرٹیکل 62 کے بجائے  پولیٹیکل پارٹی ایکٹ میں دیکھنا چاہئیے۔

یہ نقطہ جہانگیر ترین کے کیس سے مختلف ہے۔کیونکہ جہانگیر ترین نا اہلی کیس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے جو غلطیاں کی ہیں وہ آرٹیکل 62 کے زمرے میں آتی ہیں۔

(جاری ہے)

تا ہم اب خواجہ آصف کی نا اہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے سے اس کا براہ راست فائدہ جہانگیر ترین صاحب کو پہنچتا ہے۔کیونکہ سپریم کورٹ اب بتائے گی کہ کون کون سی غلطیاں آرٹیکل 62 میں آتی ہیں اور کون سی غلطیاں پولیٹیکل پارٹی ایکٹ میں آتی ہیں۔

تاہم اس فیصلے کا فائدہ نواز شریف کو نہیں پہنچتا ۔کیونکہ نواز شریف کا کیس مختلف ہے ۔نواز شریف کا منی لانڈرنگ اور کرپشن کا کیس ہے۔خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی ۔ سماعت میں سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کو کالعدم قرار دے دیاہے ۔

سپریم کورٹ سے تاحیات نا اہلی کالعدم قرار ہونے کے تحت خواجہ آصف اب عام انتخابات 2018ء میں حصہ لے سکیں گے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی وزارت محنت کی جانب سے لیبر کیٹیگری کا شناختی کارڈ جاری ہوا اور ملازمت کی وجہ سے ہی انہیں اقامہ بھی جاری ہوا،2013 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت یہ ملازمت ہی خواجہ آصف کا بنیادی پیشہ تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات