اڑھائی سال سے کم عرصہ میں علمی، ادبی اور ثقافتی اداروں کی بحالی میرے لئے فخر واطمینان کا باعث ہے‘ عرفان صدیقی

جمعہ 1 جون 2018 00:30

اسلام آباد ۔31 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اڑھائی سال سے کم عرصہ میں علمی، ادبی اور ثقافتی اداروں کی بحالی میرے لئے فخر واطمینان کا باعث ہے‘ ادارے اب پوری طرح فعال ہوچکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کی کارکردگی اسی رفتار سے جاری رہے گی۔

یہ بات انہوں نے اپنے اعزاز میں ہونے والے الوداعی افطار ڈنر سے خطاب میں کہی۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ علمی وادبی ادارں کی بحالی سے پاکستان کا حقیقی چہرہ نمایاں ہوا ہے اور ان اداروں کے لئے نئے اہداف ومقاصد کا تعین کردیاگیا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ پچاس کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ نے اداروں کی سرگرمیوں میں نہایت آسانی پیدا کردی ہے۔

(جاری ہے)

اب وہ بڑی حد تک خود کفیل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ادیبوں اور شاعروں کے لئے وظائف کی رقم دگنی کردگی گئی اور اسی طرح وظیفہ پانے والوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ کیاگیا۔ اسلام آباد میں فیض احمد فیض ہال کی تعمیر بڑی کامیابی ہے۔ مزارقائد کے احاطے میں تین ارب روپے کی لاگت سے پاکستان پارک کا منصوبہ شروع ہورہا ہے۔ دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ اور پچاس جلدوں پر مشتمل اردو لغت آن لائن کردی گئی ہے۔

اسلام آباد نیشنل لائبریری کا نقشہ مکمل طورپر بدل دیاگیا ہے جہاں بصارت سے محروم افراد کے لئے بیس جدید کمپیوٹرز پر مشتمل لیب قائم کردی گئی ہے۔ دس ہزار قدیم نسخوں کے تریپن لاکھ صفحات کی ڈیجیٹائزیشن کا منصوبہ چھ کروڑ کے بجٹ سے زیرتکمیل ہے۔ خواتین اور صحافیوں کے لئے خصوصی گوشے قائم کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل بک فا?نڈیشن کے کتاب میلوں کو ایک بڑے قومی تہوار کی شکل دی جاچکی ہے۔

عرفان صدیقی نے اپنے سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب کامیابیاں ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن کا خاص طورپر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ ڈویڑن کی عمدہ کارکردگی اسی طرح جاری رہے گی۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن کے سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے عرفان صدیقی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ نہ صرف ایک قدرآور علمی وادبی شخصت ہیں بلکہ انہوں نے اعلی ترین انتظامی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ماتحت چلنے والے اداروں کو نئی بلندیوں تک پہنچادیااور انہیں نئی زندگی بخشی ہے۔

اس موقع پر ادارہ فروغ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف، نیشل بٴْک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور اردو سائنس بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ناصر عباس نیر نے بھی خطاب کیا اور عرفان صدیقی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انجینئر عامر حسن نے وزارت کی جانب سے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔قبل ازیں عرفان صدیقی نے وزارت کے عملہ اور افسران سے فردا فراد ہاتھ ملایا۔