پنجاب حکومت اور پاک بحریہ کے مابین گوادر میں بحریہ ماڈل سکول وکالج کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

معاہدے پر پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری سکولز ڈاکٹراللہ بخش ملک اور پاک بحریہ کی جانب سے ریئر ایڈمرل محمدفیاض جیلانی نے دستخط کیے

جمعرات 31 مئی 2018 23:26

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پنجاب حکومت اور پاک بحریہ کے مابین گوادر میں بحریہ ماڈل سکول اورکالج کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری سکولز ڈاکٹراللہ بخش ملک اور پاک بحریہ کی جانب سے ریئر ایڈمرل محمدفیاض جیلانی نے دستخط کیے۔ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اورچیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان کے علاقے گوادر میں سکول اورکالج بنانے کا پروگرام بنایا تھا اورآج اس پروگرام کو تعبیر دینے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت اس سکول و کالج کے قیام کے لئے پہلے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز مہیا کرچکی ہے او رآج ایک اورچیک پاک بحریہ کے حکام کے حوالے کیاگیا ہے تاکہ اس منصوبے کو مکمل کیا جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے چند روز قبل ڈی جی خان میں کیڈٹ کالج کے قیام کے لئے پاکستان ائیر فورس کے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا ۔ایئر فورس نے سندھ میں بھی ایک اچھا منصوبہ بنایا ہے اوراسی ماڈل پر ہم ڈی جی خان میں کیڈٹ کالج بنائیںگے اوریہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاک بحریہ ہماری سمندری حدود کی محافظ ہے اس کے ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی پاک بحریہ کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔

انہوںنے کہاکہ میری ٹائم سیکٹر انتہائی اہمیت کاحامل ہے اوراس پر بھر پور توجہ دے کر قومی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ سمندر میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لاکرقومی معیشت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے رجوعہ چنیوٹ میں خام لوہے کہ ذخائر کی تلاش کے حوالے سے شاندار کام کیا ہے اوریہاں اربوں ڈالر کی مالیت کے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے ۔

جن سے یہاں سٹیل مل لگائی جاسکتی ہے جس سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں ہم ایک کارخیر کیلئے جمع ہوئے ہیں اورگوادر میں سکول و کالج کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز ہونے جارہا ہے اورپنجاب حکومت کے تعاون سے اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خان،ملک ندیم کامران ،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،سپیشل اسسٹنٹ ملک احمدخان،چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمر السلام راجہ،ایم پی اے مہوش سلطانہ،چیف سیکرٹری اورپنجاب حکومت کے دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ پاک بحریہ کے افسران بھی اس موقع پرموجود تھے ۔