ناصر کھوسہ کا نام بطور وزیر اعلی کس پی ٹی آئی رہنما نے تجویز کیا؛ نا قابل یقین نام سامنے آ گیا

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے ناصر کھوسہ کا نام بطورنگراں وزیراعلی پنجاب تجویز کیا،معروف صحافی جاوید چوہدری کا دعوی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 31 مئی 2018 14:55

ناصر کھوسہ کا نام بطور وزیر اعلی کس پی ٹی آئی رہنما نے تجویز کیا؛ نا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مئی۔2018ء) معروف صحافی جاوید چوہدری نے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے ناصر کھوسہ کا نام بطورنگراں وزیراعلی پنجاب تجویز کیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا گزشتہ روز نگراں وزیر اعلی کے معاملے پر بڑا یوٹرن دیکھنے میں آیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیر اعلی کے لیے ناصر کھوسہ کا نام دینے کے بعد واپس لے لیا۔

جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ اگر تحریک انصاف کو ناصر کھوسہ کے نام پر کوئی اعتراض تھا تو پھر ان کا نام کیوں تجویز کیا۔تاہم نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی جاوید چوہدری نے اس بات کادعوی کیا ہے کہ ناصر کھوسہ کا نام نگراں وزیر اعلی کے لیے جہانگیر ترین نے دیا تھا،جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ جب جہانگیر ترین شوکت عزیز صاحب کی حکومت میں وزیر تھے تو جہانگیر ترین اور ناصر کھوسہ نے مل کرکھالے پکے کیے تھے۔

(جاری ہے)

تب سے جہانگیر ترین ناصر کھوسہ سے بہت متاثر تھے۔اس لیے جہانگیر ترین نے نگراں وزیر اعلی کے لیے ناصر کھوسہ کا انتخاب کیا تھا۔اور انہی کے کہنے پر یہ سب ہوا،جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ ناصر کھوسہ ایک ایماندار آدمی ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کو الیکشن کے لیے ایماندار آدمی نہیں چاہئیے۔یاد رہے گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کیلئے ناصر خان کھوسہ کا نام واپس لے لیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا اس فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم غلط فہمی کا شکار ہو گئے تھے، اس لیے جلد بازی میں نام دے بیٹھے، پارٹی میں مشاورت کے بعد نیا نام دیں گے۔ میاں محمود الرشید نے موقف اپنایا کہ نام مجھے پارٹی چیئرمین کی طرف سے دیئے گئے تھے۔ طارق کھوسہ اور ناصر کھوسہ کے ناموں کی وجہ سے کنفوژن ہوئی۔

نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کے معاملہ میں پی ٹی آئی نے پہلے کامران رسول اور طارق کھوسہ کا نام تجویز کیا تھا، اب بھی یہ نام سامنے آ سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال کامران رسول اور طارق کھوسہ کا نام زیرِ غور ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت بھی ڈٹ گئی اور ناصر خان کھوسہ کا نام واپس لینے سے انکار کر دیا۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مطابق اب نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے اور نام واپس نہیں لیا جا سکتا۔