Live Updates

لیگ جاتے جاتے اپنے بچے کھچے سیاسی مستقبل کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہی ہے،تحریک انصاف کراچی

بدھ 30 مئی 2018 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ جاتے جاتے عوام پر پٹرول بم نہیں گرا رہی بلکہ اپنے بچے کھچے سیاسی مستقبل کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہی ہے۔

ہماری رائے کے مطابق ن لیگ کے سابق نااہل سربراہ نواز شریف کا ذہنی توازن اگر خراب ہے تو اس کے مقابلے میں شاہد خاقان عباسی کو نارمل رہنا ہوگاتاکہ ن لیگ میں رہا سہا توازن برقرار رہے۔ وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کو سیاسی سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اقدام سے باز رہنا چاہئے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام پہلے ہی ن لیگ کی بدعنوانیوں ، اقربا پروریوں اور عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کا ادراک کرچکے ہیں۔

رہی سہی کسر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے الٹے سیدھے بیانات داغ کر پوری کردی۔ اب اگر پٹرول بم گرایا گیا تو اس سے عوام کے ساتھ ساتھ ن لیگ بھی مکمل طور پر تباہ ہوجائے گی۔ عوام پر پٹرول بم گرانا دراصل ن لیگ کا پاکستانی عوام پر ایک خودکش حملہ ہوگا ۔ پاکستان تحریک انصاف ن لیگ کی نہیں بلکہ اس کی عوام دشمن اقربا پرور پالیسیوں کی مخالف ہے۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔ متنبہ کرتے ہیں کہ یہ احمقانہ فیصلہ ن لیگ کو مکمل طور پر اپاہج کرکے رکھ دے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ن لیگ رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کو پریشانی سے محفوظ رکھے۔ پٹرول مصنوعات میں اضافے سے دیگر تمام اشیائے ضرورت مہنگی ہوجاتی ہیں۔ یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ شدید ظلم اور ناانصافی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات