Live Updates

انتخابات 2018؛ مسلم لیگ ن کو اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری مل گئی

مسلم لیگ ن پنجاب کی 141 میں سے 100سے زیادہ نشستیں حاصل کرلے گی،سروے رپورٹ کا دعویٰ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 30 مئی 2018 19:03

انتخابات 2018؛ مسلم لیگ ن کو اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری مل گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 30 مئی 2018ء ) :انتخابات 2018 کے حوالے سے مسلم لیگ ن کو اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری مل گئی۔سروے رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی 141 میں سے 100سے زیادہ نشستیں حاصل کرلے گی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن اس وقت اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے۔ایک جانب کرپشن کے الزامات اور دوسی جانب اندرونی خلفشار نے حکمران جماعت کو کمزور سے کمزور ترین کر دیا۔

ختم نبوت کے معاملے کے ساتھ چھڑ چھاڑ اور اس طرح کے دیگر معاملات نے مسلم لیگ ن کی عوامی ساکھ کو بھی بے حد متاثر کیا ہے۔جس کے باعث لوگوں نے اگلے الیکشن میں حکمران جماعت کوووٹ دینے سے بھی انکار کرنے کا اظہار شروع کر دیا۔تاہم بین الاقوامی شہرت کے حامل ادارے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ کے تازہ ترین سروے نے مسلم لیگ ن کو اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری سنا دی ۔

(جاری ہے)

سروے رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں پنجاب کی 141 نشستوں میں سے ایک سو سے زائد نشستیں حاصل کرے گی ۔دوسری طرف تحریک انصاف 2013 کے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔سروے میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 2013ء کے مقابلے میں کم نشستیں لے گی لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) اپنی حکومت بنائے گی۔

اسی طرح جنوبی پنجاب میں صورتحال کچھ یوں ہو گی کہ جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف 15 کے لگ بھگ نشستیں حاصل کرے گی جبکہ جنوبی پنجاب سے 10,12 آزاد ارکان کے جیتنے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب سے 15,14 نشستیں حاصل کر لے گی جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب میں واش آؤٹ ہوجائے گی۔یا درہے اس سے پہلے گیلپ سروے رپورٹ بھی مسلم لیگ ن کو پاکستان کی مقبول ترین جماعت قرار دے چکی ہے۔کچھ ماہ کے گیلپ سروے کی رپورٹ کے مطابق سروے کے مطابق عوام میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت 36 فیصد ہے جب کہ اس کی سخت سیاسی حریف جماعت پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت 24 فیصد اور ملک کی تیسری بڑی جماعت پیپلزپارٹی کی مقبولیت صرف 17 فیصد رہ گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات