پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کیلئے جی پی ایس سسٹم خرید لیا

سسٹم سے دوران میچ یا ٹریننگ کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ کھلاڑی تھکاوٹ کا بہانا نہ بنائیں جی پی ایس سے کھلاڑیوں کی بہانے بازی پکڑی جائیگی،اسکا مقصد چیمپیئنز ٹرافی کیلئے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر بنانا ہے،کوچ

بدھ 30 مئی 2018 18:46

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کیلئے جی پی ایس سسٹم خرید لیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فٹنس کا جائزہ لینیکیلئے کھلاڑیوں کے جسم پر جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ اینڈ پرفارمنس سسٹم لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ہاکی فیڈریشن نے 50لاکھ روپے تک کا جی پی ایس خریدا ہے تاکہ دوران میچ یا ٹریننگ کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے اور کھلاڑی تھکاوٹ کا بہانا نہ بنائیں۔

ہر کھلاڑی شرٹ کے اندر ایسی بیلٹ زیب تن کرے گا جس میں جی پی ایس ڈیوس لگی ہوگی۔ اس سے دوران میچ کھلاڑیوں کی فٹنس، دل کی دھڑکن، انرجی لیول جیسی معلومات جانچی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ جی پی ایس سے کھلاڑیوں کی بہانے بازی پکڑی جائے گی تاہم اس کا مقصد ہاکی چیمپیئنز ٹرافیکیلئے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر بنانا ہے۔

ڈچ کوچ رولینٹ آلٹمنز اور فزیکل ٹرینر ڈئینل بیری کی درخواست پر یہ سسٹم منگوایا گیا ہے۔ یہ نظام دنیا کی 19ٹیمیں استعمال کرتی ہیں، پاکستان 20ویں ٹیم ہوگی جو فٹنس کے لیے اس سسٹم کا استعمال کرے گی۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ ایک ہفتے تک بھرپور ٹریننگ کے بعد اب کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر کام کیا جارہا ہے۔