چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچن جمعرات کو لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا

منگل 29 مئی 2018 23:46

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچن جمعرات کو لاہور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد رجسٹری میں 31مئی کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ کے سامنے مقرر کئے گئے مقدمات کی سماعت کے لئے نیا بنچ تشکیل دیتے ہوئے انہیں لاہور برانچ رجسٹری میں مقرر کردیا ہے۔ منگل کے روز جاری کی گئی سپریم کورٹ کی سپلیمنٹری کاز لسٹ کے مطابق اب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس منظور احمد ملک پر مشتمل تین رکنی بینچن 31مئی جمعرات کو لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔

فاضل عدالت عوامی اہمیت کے حامل جن مقدمات کی سماعت کرے گی ان میں سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سربراہ اسد درانی کی جانب سے اسلامی جمہوری اتحاد بنوانے کے لئے سیاست دانوں میں کروڑوں روپے کی تقسیم سے متعلق اصغر خان کیس، انٹیلی جنس بیورو کے اکائو نٹ سے کروڑوں روپے نکلوانے سے متعلق کیس ،وزراء اور سرکاری افسران کی جانب سے لگژری گاڑیوں کے استعمال کے خلاف از خود نوٹس، الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات سے قبل سرکاری بھرتیوں پر پابندی سے متعلق کیس اور غیر مجاز افراد کو پولیس سیکورٹی فراہم کرنے کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل جاری کی گئی ریگولر کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اخترپر مشتمل تین رکنی بنچ نے سپریم کورٹ کی اسلام آباد رجسٹری میں ان مقدمات کی سماعت کرنا تھی۔