فیصل آباد چیمبر کا حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان کے دوران آٹے پر سبسڈی دینے کے فیصلے کا خیر مقدم

منگل 29 مئی 2018 23:45

فیصل آباد چیمبر کا حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان کے دوران آٹے پر سبسڈی ..
فیصل آباد۔ 29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان کے دوران آٹے پر سبسڈی دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس سہولت کو پنجاب کے عوام کیلئے سال بھر جاری رکھا جائے، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا کہ گندم کے وافر سٹاک کی وجہ سے پنجاب حکومت نے چند ماہ قبل ہی گندم برآمد کرنے کی اجازت دی تھی جبکہ اس سلسلہ میں 1300 روپے فی من والی گندم کیلئے 800 روپے کے حساب سے دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد لوگوں کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب کے عوام گندم پیدا کرتے ہیں انہیں بھی فاضل گندم پیدا کرنے کے بدلے میں سستے نرخوں پر آٹا مہیا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے رمضان کے دوران سستے نرخوںپر آٹا مہیا کیا جار ہا ہے جس سے خاص طور پر غریب عوام کو کافی سہولت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے لوگوں کو سستے نرخوں پر آٹے کی فراہمی اچھا اقدام ہے لیکن اس کو صرف رمضان تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کو سارا سال جاری رکھا جائے کیونکہ اس وقت حکومت کے پاس گندم کے پرانے سٹاک کے علاوہ نئی فصل کا بھی وافر ذخیرہ موجود ہے۔