جسٹس (ر) ناصر الملک کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی خوش آئند ہے، فریال چوہدری

منگل 29 مئی 2018 23:43

جسٹس (ر) ناصر الملک کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی خوش آئند ہے، فریال ..
ملتان۔ 29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) جسٹس (ر) ناصر الملک کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی خوش آئند ہے۔ امید ہے کہ وہ اہم قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ خواتین پارٹی کا اثاثہ ہیں اور آئندہ انتخابات میں خواتین کا کردار اہم ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ فریال چودھری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کا اتفاق مثبت ہے اور جسٹس (ر) ناصر الملک کی تقرری پر اتفاق جمہوریت کے لئے فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) ناصر الملک ایک اچھی شہرت کے حامل انسان ہیں اور بطور نگراں وزیر اعظم ان کی نامزدگی خوش آئند ثابت ہو گی۔ فریال چودھری نے کہا کہ جسٹس (ر) ناصر الملک اہم قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ملتان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ثابت ہو گا، خواتین کی تنظیموں کو مکمل طورپر فعال کر رہے ہیں اور ووٹ کو عزت دو کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو غدار کہنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ، انہوں نے ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے ہیں۔