وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

کابینہ اجلاس میں قومی داخلی سلامتی پالیسی 2018-23ء کی منظوری ، فلم، ثقافت اور قومی ٹرانسپورٹ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی سکالر شپ سکیمیں وزارت بین الصوبائی رابطہ، وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کو منتقل کرنے کی منظوری اخبارات کے ملازمین کیلئے آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ کی دوبارہ تشکیل کیلئے بورڈ کے دو اضافی ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری صوبائی حکومتیں شوگر ملز سے کسانوں کو بینکوں کے چیکوں کے ذریعے ادائیگی یقینی بنائیں،وفاقی کابینہ

منگل 29 مئی 2018 23:43

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 17 اور 24 مئی کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی7، 8، 9، 10، 11 اور 14 مئی کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں آئینی مقدمات نمٹانے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 23 اور 24 مئی کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے وزارت تجارت اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ فلپائن کے محکمہ تجارت اور صنعت کے درمیان چاول کی تجارت سے متعلق میمورنڈم آف ایگریمنٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں مجیب احمد خان کو ادارہ برائے حقوق دانش پاکستان کا چیئرمین تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ حقوق دانش پاکستان کے پالیسی بورڈ کی دوبارہ تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے راجہ قمر الزمان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جج بینکنگ کورٹ دوئم ملتان تعینات کرنے جبکہ مزمل شاہ خٹک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جج بینکنگ کورٹ دوئم پشاور، عامر نذیر بھٹی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جج بینکنگ کورٹ ایبٹ آباد، ارشد حسین بھٹہ کو جج سپیشل کورٹ (کسٹم، ٹیکسیشن اور اینٹی سمگلنگ) راولپنڈی، جوڈیشل ممبر (بی ایس 21) کسٹمز اپیلٹ ٹربیونل بنچ دوئم اور بنچ سوئم کراچی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے بورڈ آف گورنر کے چار ممبران تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اوور سیز پاکستانیز فائونڈیشن پاکستان کے بورڈ آف گورنرز کی توسیع اور تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے کے ٹو ایئر ویز پرائیویٹ لمیٹڈ کو چارٹر لائسنس کلاس ٹو (ڈومیسٹک) جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے قومی داخلی سلامتی پالیسی 2018-23ء کی منظوری دیدی۔اجلاس میں فلم، ثقافت اور قومی ٹرانسپورٹ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ گنا خریداری کی رسیدوں (سی پی آر) پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اجلاس میں کسانوں کو ادائیگیوں کا طریقہ کار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز دی کہ صوبائی حکومتیں سی پی آر ایس اور خالی پیپر کی رسیدیں جاری کرنے کی بجائے شوگر ملز سے کسانوں کو بینکوں کے چیکوں کے ذریعے ادائیگی یقینی بنائیں۔

اجلاس میں بوائے سکوائٹس ، گرلز گائیڈز ، نوجوانوں کی سرگرمیاں اور سکالر شپ سکیمیں وزارت بین الصوبائی رابطہ، وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے مینجنگ ڈائریکٹر نیسپاک اور نیشنل سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی قائمقام کے طور پر تعینات کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے اخبارات کے ملازمین کیلئے آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ کی دوبارہ تشکیل کیلئے بورڈ کے دو اضافی ممبروں کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ سرمایہ کاری بورڈ کیلئے بورڈ کی تشکیل نو کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان میں شامل ہونے والی ریاستوں کے حکمرانوں کے لئے مراعات اور گزارہ الائونس میں اضافہ سے متعلق ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈی نیشن کی جانب سے وضع کردہ کینسر کنٹرول پروگرام کی بھی منظوری دی۔