مولانا فضل الرحمن کی معذرت پرصحافیوں نے بائیکاٹ ختم کردیا

منگل 29 مئی 2018 22:12

مولانا فضل الرحمن کی معذرت پرصحافیوں نے بائیکاٹ ختم کردیا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس نے جمعیت علماء اسلام سے متعلق بائیکاٹ کے فیصلے کو مولانا فضل الرحمن کی معذرت اور اگلے چند روز میں پشاور پریس کلب تشریف لانے کی یقین دہانی پر ختم کردیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کا نمائندہ جرگہ منگل کو پارٹی کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان کی قیادت میں پشاور پریس کلب آیا۔

جرگہ کے دیگر ممبران میں مفتی کفایت اللہ ، مولانا امان اللہ حقانی اور مولانا عبدالجلیل جان شامل تھے۔ پشاور پریس کلب کے صدر عالمگیر خان، جنرل سیکرٹری شہاب الدین سمیت مختلف اداروں کے بیورو چیفس اور سینئر صحافی اس موقع پر موجود تھے۔ جرگہ نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر صحافیوں سے باضابطہ معذرت کی اور میڈیا کو پہنچنے والے تمام نقصانات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس دوران جرگہ ممبران نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بذریعہ فون رابطہ کیا اور انہیں جرگہ کی شکل میں پشاور پریس کلب میں اپنی موجودگی کی تفصیلات سے اگاہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پشاور پریس کلب کے صدر عالمگیر خان سے فون پر تفصیلی بات چیت کی اور جمعیت علماء اسلام کے مظاہرے میں میڈیا نمائندوں اور ورکروں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس پر معذرت کی۔

انہوں نے پشاور آنے کی صورت میں پہلی فرصت میں پشاور پریس کلب آنے کی یقین دہانی کرائی۔مولانا فضل الرحمن کی بذریعہ فون معذرت اور پشاور پریس کلب آنے کی یقین دہانی پر صحافیوں نے جمعیت علماء اسلام کا جرگہ قبول کرتے جے یو آئی (ف) کا میڈیا بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ دریں اثناء صحافیوں نے اپنے اجلاس میں بائیکاٹ کے فیصلے کے باجود بعض اخبارات میں بروز منگل جمعیت علماء اسلام (ف) کی خبریں شائع کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور دوران بائیکاٹ جمعیت علماء اسلام کی خبریں شائع کرنے والے صحافیوں کو نوٹسز جاری کر کے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نوٹسز کا تسلی بخش جواب نہ ملنے کی صورت میںمزید کارروائی کی جائے گی۔