متحدہ مجلس عمل کی تنظیمی کمیٹی کا تحصیل غازی کا دورہ، حلقہ پی کے 42 کی تنظیم تشکیل دیدی گئی

منگل 29 مئی 2018 15:31

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل کی تنظیمی کمیٹی کا تحصیل غازی کا دورہ، حلقہ پی کے 42 کی تنظیم تشکیل دیدی گئی۔ جے یو آئی غازی کے امیر مفتی نعیم صدر جبکہ جماعت اسلامی کے عقیل الرحمن جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے شعبہ نشرواشاعت کی کمیٹی کے رکن شاہ فہد ہاشمی اور سیکرٹری اطلاعات علی عباس جعفری نے میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متحدہ مجلس عمل کی پانچ رکنی تنظیمی کمیٹی کے تین اراکین جن میں مولانا میر افضل اور حافظ ابراہیم خلیل کے ساتھ جماعت اسلامی سے ایم ایم اے کی سپریم کونسل کے رکن شامل ہیں، نے گذشتہ روز تحصیل غازی کا دورہ کیا جہاں حلقہ پی کے 42 کیلئے ایم ایم اے کی تنظیم مکمل کی گئی۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے کا اجلاس جماعت اسلامی تحصیل غازی کے دفتر میں ہوا جس میں پانچوں اتحادی جماعتوں کے تحصیل غازی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اتفاق رائے سے جمیعت علماء اسلام تحصیل غازی کے امیر مولانا مفتی نعیم کو متحدہ مجلس عمل حلقہ پی کے 42 کا صدر اور دیگر اتحادی جماعتوں مرکزی جمیعت اہلحدیث، جمیعت علماء پاکستان، جماعت اسلامی اور اسلامی تحریک کے امراء کو نائب صدور حلقہ پی کے 42 منتخب کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے عقیل الرحمان اتفاق رائے سے ایم ایم اے، پی کے 42 کے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، دیگر اتحادی جماعتوں کے جنرل سیکرٹریز، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایم ایم اے ہوں گے۔ دریں اثناء متحدہ مجلس عمل ضلع ہری پور کی تنظیمی کمیٹی نے غازی کے دورہ سے واپسی پر ضلعی صدر متحدہ مجلس عمل حافظ محمد ریحان اور ایم ایم اے کے ضلعی شعبہ نشرواشاعت کو تحصیل غازی کے دورے اور کامیاب اجلاس کے بعد حلقہ پی کے 42 کی تنظیم سازی پر تفصیلی بریفنگ دی۔