نگراں وزیراعظم کے لیے اہم کردار ادا کرنے والے کا نام سامنے آ گیا

نگراں وزیراعظم کے فیصلے میں اسپیکر قومی امسبلی ایاز صادق اور پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے اہم کردار ادا کیا،قومی اخبار کی رپورٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 29 مئی 2018 12:32

نگراں وزیراعظم کے لیے اہم کردار ادا کرنے والے کا نام سامنے آ گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2018ء) قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعظم کے طور پر جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا گیا تھا،نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو نامز د کیا گیا تھا تا ہم ا س سے پہلے میڈیا پر نگراں وزیراعظم کے نام کے حوالے سے ناصر الملک کا نام واضح طور پر سامنے نہیں آیا تھا،قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کر لیں۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی خود کو منواتے ہوئے خورشید شاہ کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا تاکہ ایسے نام پر اتفاق کیا جا سکے جو پیپلز پارٹی کے تجویز کردہ ناموں کی فہرست میں شامل نہیں تھا بلکہ یہ نام وزیراعظم شاہد عباسی کی تجویز تھا۔ پیپلز پارٹی کے اندر کچھ ایسی طاقتور شخصیات تھیں جو خورشید شاہ کے تجویز کردہ تین ناموں (سلیم عباس جیلانی، جلیل عباس جیلانی اور ذکاء اشرف) کے سوا کسی نام پر رضامند نہیں تھیں، ان ناموں کو آصف زرداری نے کلیئر کیا تھا، اپوزیشن لیڈر بھی معاملہ پارلیمنٹ کے ہاتھوں جانے نہیں دینا چاہتے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کو بلاول بھٹو سے فیصلہ کن حمایت ملی جنہوں نے سخت موقف اپنانے کی بجائے معاملہ فیصلے کیلئے عباسی اور خورشید شاہ کے سپرد کیا۔بلاول بھٹو کی رائے ان کی پارٹی میں بھی قائم رہی۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے اُس پانچ رکنی بینچ کی صدارت جسٹس (ر) ناصر الملک نے کی تھی جس نے 2012ء میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سزا سنائی تھی۔ اس کے باوجود، پیپلز پارٹی کی جانب سے ناصر الملک کے نام کی توثیق پر کئی لوگ اس کی تعریف کر رہے ہیں۔