اس زمین پر سب سے زیادہ غذائیت کا حامل دودھ کاکروچ کا دودھ ہوتا ہے۔ نئی تحقیق

Ameen Akbar امین اکبر پیر 28 مئی 2018 23:41

اس زمین پر سب سے زیادہ غذائیت کا حامل دودھ کاکروچ کا دودھ ہوتا ہے۔ نئی ..

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کاکروچز کی کچھ اقسام کا ”دودھ“ اس زمین پر غذائیت کے اعتبار سے سب سے بہترین ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ دودھ  ایک دن  ”سپر فوڈ‬“ بن جائے گا۔
دوسرے حشرات کے برعکس پیسیفک بیٹل (Pacific beetle) کاکروچ انڈے دینے کی بجائے زندہ بچوں کو جنم دیتے ہیں۔ سائنسدان کچھ سالوں سے ان حشرات پر تحقیق کر رہے ہیں۔ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ مادہ کاکروچ اپنے بچوں کو اپنا دودھ پلاتی ہے۔

یہ دودھ پیلے رنگ کا ہوتاہے۔ تحقیق سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ ”کاکروچ کا دودھ“ غذائی اجزا میں بھینس  کے دودھ سے تین گنا بہتر ہوتا ہے جو اسے زمین پر سب سے غذائیت کا حامل دودھ بناتا ہے۔
تحقیق میں شامل ایک سائنسدان لیونارڈ شاواس نے بتایا کہ اس دودھ میں پروٹین، ضروری ایمائنو ایسڈ، شحم چربی (lipids) اور شکر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)


لیونارڈ نے بتایا کہ اس دودھ میں اتنی زیادہ غذائیت ہوتی ہے کہ پیسیفک بیٹل کاکروچ کے بچے دوسری اقسام کے کاکروچ کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔


سائنسدانوں نے کہا کہ کاکروچ سے دودھ  حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں لیکن یہ مائع یا کرسٹل کی شکل میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نےبتایا کہ 1000 کاکروچز سے صرف 100 گرام دودھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے سائنسدان اس دودھ کو لیب میں بنانے کی یا اس دودھ کی ٹیبلٹ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اپنے ساتھی کے ساتھ ایک گیم میں ہارنے پر اس دودھ کوپینے والے لیونارڈ کا کہنا ہے کہ کاکروچ کا دودھ کراہت آمیز نہیں ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ ذائقے دار بھی نہیں ہے۔ سائنسدان کاکروچ کے دودھ کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔