فنکاروں کے کام اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا انتہائی ضروری ہے ، وہ امن کے سفیر، رواداری، ہم آہنگی اور ثقافت کو فروغ دینے میں قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں

فنکار اپنی تمام فنکارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کو تفریح مہیا کرتے ہیں، وہ ہماری سرپرستی اور تعاون کے مستحق ہیں ٹی وی فنکار ماجد جہانگیر کی اپیل پر ان سے فوری رابطہ اور ان کی مالی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی‘ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والوں کے اداس چہرے نہیں دیکھے جا سکتے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کلچر اینڈ آرٹس فائونڈیشن ریلیف فنڈ انتظامی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

پیر 28 مئی 2018 23:52

فنکاروں کے کام اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا انتہائی ضروری ہے ، وہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کلچر اینڈ آرٹس فائونڈیشن ریلیف فنڈ کی انتظامی کمیٹی کے دسویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کے کام کو تسلیم کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ وہ امن کے سفیر، رواداری ، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کی ثقافت کو فروغ دینے میں قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنکار اپنی تمام فنکارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کو تفریح مہیا کرتے ہیں، وہ ہماری سرپرستی اور تعاون کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں نہ صرف ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا اس وقت اعتراف کرنا چاہئے جب وہ عروج پر ہوتے ہیں بلکہ ہمیں چاہئے کہ ان کی اس وقت بھی حوصلہ افزائی اور تعاون جاری رکھیں جب انہیں مشکل وقت میں بنیادی صحت کی سہولت کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت فنکاروں کو دیا جانے والا مالی تعاون انتہائی کم ہے اور ان اہم شخصیات کی طرف سے معاشرے کو فراہم کی جانے والی انتھک خدمات سے مسابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے نہ صرف موجودہ مالی رقوم میں اضافے اور ان کیلئے تعاون کا ایسا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے تحت فنکاروں کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے فنڈز کی فراہمی ہو اور انہیں مالی امداد کیلئے کسی دروازے پر دستک نہ دینی پڑے۔

ممتاز ٹی وی فنکار ماجد جہانگیر کی طرف سے امداد کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ان سے رابطہ کیا جائے اور ان کی مالی ضروریات کو پوری کرتے ہوئے ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والوں کے اداس چہرے نہیں دیکھے جا سکتے ۔ وزیر اطلاعات نے اجلاس کو بتایا کہ فنکاروں کی معاونت کا فنڈ مالیاتی بل 2018-19ء کا حصہ ہے جس سے فنکار کمیونٹی کو فائدہ ہوگا اور ضرورت کے وقت ان کی مالی ضروریات کا خیال رکھا جاسکے گا۔

اجلاس میں سال 2018ء کے دوران ملک بھر سے 41 دستکاروں اور فنکاروں کو امدادی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان حکومت پر زور دیا گیا کہ آرٹسٹ کمیونٹی کی فلاح وبہبود کیلئے اپنے انڈومنٹ فنڈز قائم کریں۔