Live Updates

این اے 90 میں تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار کون ہوگا،شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں ٹھن گئی

جہانگیرنے این اے 90 کا ٹکٹ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کرآنیوالی ڈاکٹر نادیہ عزیز کو دیدیا جبکہ شاہ محمود قریشی ممتاز اختر کاہلوں کی حمایت میں سامنے آ گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 28 مئی 2018 22:56

این اے 90 میں تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار کون ہوگا،شاہ محمود قریشی ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 28 مئی 2018ء) :این اے 90 میں تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار کون ہوگا،شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں ٹھن گئی۔ جہانگیرنے این اے 90 کا ٹکٹ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کرآنیوالی ڈاکٹر نادیہ عزیز کو دیدیا جبکہ شاہ محمود قریشی ممتاز اختر کاہلوں کی حمایت میں سامنے آ گئے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی ایک دوسرے کے خلاف کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل کئیے جانے والے رائے حسن نواز کے معاملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنماوں میں این اے 90 سرگودھا کے معاملے پر ٹھن گئی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے این اے 90 کے ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا تھا جس کے بعد ڈاکٹر نادیہ عزیز نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

اس علاقے میں گزشتہ پانچ سال سے تحریک انصاف کی سیکرٹریٹ چلانے والے ممتاز کاہلوں کو نظرانداز کرکے نئی آنیوالی امیدوار کو ٹکٹ دینے پر اس حلقہ میں پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے کھل کر مخالفت کی جس کے بعد ممتاز کاہلوں نے جہانگیر ترین کے گھر کے باہر دھرنا بھی دیا۔اس معاملے نے زیادہ طول پکڑا تو شاہ محمود قریشی بھی متاز اختر کاہلوں کی حمایت میں سامنے آ گئے۔

ممتاز اختر کاہلوں نے حمایت کا اشارہ ملنے کے بعد شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس پر شاہ محمود قریشی نے انکی حمایت کا اعلان کیا۔ ٹکٹ پارٹی کے پرانے ورکرز کو دلوانے کی یقین دہانی کروائی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی میں عمران خان کی موجودگی میں تنازعہ ہو چکا ہے ۔کچھ روز قبل کور کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دئیے گئے رائے حسن نواز بھی اجلاس میں شریک تھے جس پر شاہ محمود قریشی نے انکی موجودگی پر اعتراض کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل ہونے کے بعد رائے حسن نواز پارٹی عہدے اور اجلاس میں شرکت کے مجاز نہیں رہے ہیں جس پر جہانگیر ترین نے مداخلت کی ۔

اس پر جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی آپس میں جھگڑ پڑے اور دونوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مداخلت کرنی پڑی اور دونوں رہنماوں میں معاملہ ٹھنڈا ہوا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل ہونے کے بعد عمران خان نے رائے حسن نواز کو پارلیمانی بورڈ سے ہٹانے کا اعلان کیا۔اس پرجہانگیر ترین نے کہا اگر پارٹی نے یہ فیصلہ کیا تو وہ گھر چلے جائیں گے۔
این اے 90 میں تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار کون ہوگا،شاہ محمود قریشی ..
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات