Live Updates

پانی کی قلت کے خلاف 31مئی کو واٹر بورڈ ہیڈ آفس پر احتجاجی دھر نا دیا جائے گا ،حافظ نعیم الرحمن

شدید گرمی اور رمضان المبارک میں عوام کو پانی سے محروم کر نا سراسر ظلم و زیادتی ہے ، گلشن معمار میں عوامی دعوت ِ افطار سے خطاب پانی کا بحران امن وامان کی صورتحال کے لیے خطرہ بن رہا ہے توجہ نہیں دی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی

پیر 28 مئی 2018 23:49

پانی کی قلت کے خلاف 31مئی کو واٹر بورڈ ہیڈ آفس پر احتجاجی دھر نا دیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں اور رمضان المبارک کے ماہ ِ مقدس میں بھی کراچی کے عوام کو پانی سے محروم رکھنا شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔ کراچی میں پانی کی قلت اورحکومت اور واٹر بورڈ کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کے خلاف اور پانی کے مسئلے کے حل کے لیے جمعرات 31مئی کو شام 5بجے شاہراہ فیصل پر ایم ڈی واٹر بورڈ کے آفس کے سامنے زبردست احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف جس طرح عوام کی ترجمانی کی ہے اسی طرح واٹر بورڈ کے خلاف بھی مؤثر اور بھر پور احتجاج کیا جائے گا اور واٹر بورڈ کو بھی اپنا رویہ درست کر نا ہو گا ۔

(جاری ہے)

حکومت کے روئیے نے مجبور کیا ہے کہ رمضا ن المبارک میں احتجاج کیا جائے اور سڑکوں پر نکلا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن معمار میں جماعت اسلامی کے تحت ایک بڑی عوامی دعوتِ افطار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

دعوتِ افطار سے امیر گلشن معمار زون رضوان شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ دعوت ِ افطار میں عوام کی بڑی تعداد نے شر کت کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رمضان المبارک کا ایک عشرہ ختم ہو چکا ہے اور اس دوران کراچی کے شہریوں کو شدید گرمی ،ہیٹ ویوز کا بھی سامنا کرنا پڑا اور آئندہ چند دنوں میں بھی گرمی اور ہیت ویوز کا خدشہ ہے ۔

ان حالات میں شہر کے اندر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ پانی کی شدید قلت بھی پیدا ہو گئی ہے اور پریشان حال عوام جگہ جگہ پینے کے پانی کے لیے احتجاج اور مظاہرے کر رہے ہیں لیکن واٹر بورڈ کی انتظامیہ اور صوبائی و مقامی حکومتوں کی جانب سے پانی کے مسئلے کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش اور ٹھوس اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔ کراچی میں پانی کے بحران کے پیچھے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور پانی چوری کا بڑا دخل ہے اور اس میں واٹر بورڈ کا عملہ ملوث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پر امن احتجاج اور عوامی دبائو کے ذریعے اس اہم اور بنیادی نوعیت کے مسئلے کو حل کرانا چاہتی ہے اور کراچی کے عوام کی آواز آگے تک پہنچانا چاہتی ہے ۔ کراچی میں پانی کا بحران امن وامان کی صورتحال کے لیے خطرہ بن رہا ہے اگر حکومت اور واٹر بورڈ نے اس جانب توجہ نہیں دی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور بر کتوں کا مہینہ ہے ۔ اس ماہ ِ مبارک میں قرآن کریم نازل ہوا۔ حق اور باطل کا سب سے بڑا معرکہ غزوہ بدر پیش آیا ، محمد بن قاسم سندھ کے اندر اسلام کی دعوت لے کر آئے ۔ مملکت ِ خداداد پاکستان معرض وجود میں آیا ۔ رمضان کے آخری عشرے میں لیلة القدر کی وہ عظیم رات ہے جس میں عبادت ہزار مہینوں کی عبادت کے برابر ہے اور اس رات قرآن عظیم الشان نازل ہوا ۔ اللہ تعالی کا بڑا کرم اور فضل ہے کہ اس نے ہم کو ایک بار پھر اس بابرکت مہینے سے نوازا ہے ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس ماہ ِ مبارک کی جتنی بھی ساعتیں ہمیں میسر آئیں ہم ان میں اللہ تعالی سے رحمت ، مغفرت اور دوزخ کی آگ سے نجات طلب کریں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات