رمضان المبارک میں عوام کو اشیاء خوردونوش ضلعی انتظامیہ کے مقررہ کردہ نرخوں پرفراہم کی جائیں‘ عبدالولی خان

پیر 28 مئی 2018 13:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ضلع دیر بالا محمد عرفان اللہ محسود کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دیر عبدالولی خان اور اسسٹنٹ کمشنر واڑی مسعود جان نے انتظامیہ کے دیگر ذمہ دار افسران کے ہمراہ ضلع دیر بالا چکیاتن ، براول اور واڑی کے بازاروں کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں چیک کیں ۔اپنے دورے کے دوران اُنہو ں نے مختلف چیزوں کو خود سا کتہ قیمتو ں پر فروخت کر نے اور زائدالمعاد اشیاء خوردونوش رکھنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کئے۔

انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو اعتدال پر لانے کیلئے سبزی وپھل منڈیوں کا بھی دورہ کیا اور سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے بعد اپنی نگرانی میں سرکاری نرخنامہ جاری کیا۔ انہوں نے تاجر برادری اور دکانداروں سے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے احترام میں وہ عوام کو اشیاء خوردونوش ضلعی انتظامیہ کے مقررہ کردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائیںاورمصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندازی سے گریز کریں انہوں نے ویٹرنری آفیسر کے ہمراہ مختلف مذبح خانوں کو بھی چیک کیا جہاں پر ذبح کئے جا نے والے تمام مو یشی حفظا ن صحت کے اصولو ں کے مطا بق چیک کئے گئے اور اُنہیں درست پایا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ضلع دیر بالا میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں کو کنڑول کرنے اور صارفین کیلئے وافر مقدار میں اُن کی دستیا بی کو یقینی بنا نے کے لیے ڈپٹی کمشنر مختلف امو ر کی خود نگرانی کر رہے ہیں ۔