کراچی بلدیہ ٹاﺅن کے گھر میں آتشزدگی

ماں اور بچوں سمیت 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 2 زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مئی 2018 13:13

کراچی بلدیہ ٹاﺅن کے گھر میں آتشزدگی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 مئی۔2018ء) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاﺅن میں واقع ملنگ گوٹھ میں ایک مکان میں آتشزدگی سے ماں اور بچوں سمیت 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔بلدیہ ٹاﺅن کے علاقے ملنگ گوٹھ کے ایک مکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم ا±س وقت تک آگ کے باعث 4 افراد جھلس کر ہلاک ہوچکے تھے۔

دیگر 3 افراد نے ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑا جبکہ ایک خاتون نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑا، آگ سے جھلسنے والے دیگر 2 افراد سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہیں۔واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت گلزارہ بی بی، نازیہ، ظفر، نائلہ، ریحان، رقیہ، طیب اور اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں ساجد اور سائیں داد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعے میں 3 بیٹیاں، 4 بیٹے اور والدہ جاں بحق ہوئیں۔

متاثرہ گھر کے پڑوسی نے بتایا کہ جب تک وہ مکان میں موجود افراد کو بچانے کے لیے کوششوں کا آغاز کرتے، اس وقت تک پورے مکان میں آگ پھیل چکی تھی۔پولیس کے مطابق مکان میں آگ بچوں کی والدہ گلزارہ بی بی نے لگائی تھی، جو خود بھی جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔واقعے میں بچ جانے والے زخمی ساجد نے پولیس کو دیئے جانے والے ویڈیو بیان میں بتایا کہ جب کمرے میں آگ لگی تو وہ سب ایک کمرے میں جبکہ ان کے والد باہر سو رہے تھے، اسی وجہ سے وہ بچ گئے۔

ساجد کے مطابق ان کی والدہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور 2 سال سے زیر علاج ہیں۔بعد ازاں بلدیہ ٹاﺅن میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ حب ریور روڈ لکی چڑھائی پر ادا کردی گئی، جس میں ہلاک ہونے والے افراد کے عزیز اقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جس کے بعد جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی تدفین لکی چڑھائی کوگین قبرستان میں کردی گئی۔