امریکی صدر کے خط میں غلطیاں تلاش کرنے والی ٹیچر انٹرنیٹ اسٹار بن گئی

اگر امریکی صدر کی طرف سے بھیجا گیا خط کسی مڈل اسکول کے بچے نے لکھا ہوتا تو میں اسے سی گریڈ سے زیادہ نہیں دیتی، انگلش ٹیچر ییون میسن کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 28 مئی 2018 13:09

امریکی صدر کے خط میں غلطیاں تلاش کرنے والی ٹیچر انٹرنیٹ اسٹار بن گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018ء) امریکی صدر کے خط میں غلطیاں تلاش کرنے والی ٹیچر انٹرنیٹ اسٹار بن گئی۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط سے خط وصول کرنے والی انگریزی کی ایک ٹیچر نے خط میں گرائمر کی غلطیاں تلاش کرکے اسے سوشل میڈیا پر جاری کر دیا، جس کے بعد یہ ریٹائرڈ انگلش ٹیچر انٹرنیٹ پر نہ صرف مقبول ہوگئیں بلکہ ان ٹیچر کو کچھ لوگوں کی طرف سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 17 سال تک تعلیم کے شعبے میں خدمات سر انجام دینے والی انگلش ٹیچر ییون میسن اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔کیونکہ انگلش ٹیچر ییون میسن نے امریکی صدر ٹرمپ کے دستخط کے ساتھ ایک خط سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کی طرف سے انگلش ٹیچر ییون میسن کو یہ خط مارچ میں بھیجا گیا تھا۔خط میں انگلش ٹیچر نے امریکی صدر سے درخواست کی تھی کہ وہ فروری میں پارک لینڈ میں ہونے والی فائرنگ کے متاثرین سے بالمشافہ ملاقات کریں۔

اس واقعے می 17 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔تاہم ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے یہ خط موصول ہونے پر انگلش ٹیچر نے خوش ہونے کی بجائے اسے بغور پڑھا۔اور اس کی اسکرونٹی کی۔خاتون نے اس خط میں 11 غلطیاں تلاش کیں۔خط میں خاص طرزِ بیاں کا خیال نہیں رکھا گیا تھا جبکہ ضمیر (پرونائون) ’’I‘‘ کا غیر ضروری اور اضافی استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اسم خاص (پراپر نائون) کے استعمال میں پہلے حرف کو بڑی الفابیٹ میں نہ لکھنے جیسی غلطیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جیسا کہ اسٹیٹ، نیشن، فیڈرل، پریزیڈنٹ جیسے الفاظ کا پہلا حرف کیپیٹل حروف میں نہیں لکھا گیا۔

مقامی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انگلش ٹیچر مس ییون میسن کا کہنا تھا کہ ایسی غلطیاں افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ خط کسی مڈل اسکول کے بچے نے لکھا ہوتا تو میں اسے سی گریڈ سے زیادہ نہیں دیتی اور اگر یہ خط ہائی اسکول میں کسی اسٹوڈنٹ نے لکھا ہوتا تو میں اسے ڈی گریڈ دیتی۔ ایسی غلطیاں ناقابل قبول ہیں۔ کچھ لوگوں نے خاتون کی بے باکی بھی تعریف کی ہے اور کہا کہ خاتون نے جس طرح سے امریکی صدر کے خط میں غلطیاں تلاش کی ہیں اور اس کے بعد اسے بہادری سے سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کیا ہے وہ واقعی قابل تعریف ہے۔
امریکی صدر کے خط میں غلطیاں تلاش کرنے والی ٹیچر انٹرنیٹ اسٹار بن گئی