کوہاٹ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے تدارک کے لئے خصوصی مہم شروع کردی

پیر 28 مئی 2018 12:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) کوہاٹ میں ہوائی فائرنگ کی جان لیوا رسم کے تدارک کی غرض سے پولیس نے شہریوں میںشعور اجاگر کرنے کی خصوصی مہم شروع کردی ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے عید الفطرکے موقع پر ہوائی فائرنگ کی غیر شرعی ،قانون کے منافی اور غیر اخلاقی و جان لیوا رسم کو ختم کرنے کے حوالے سے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے شہر بھر میں اشتہاری مہم شروع کردی ہے ۔

ہوائی فائرنگ کے نقصانات کے حوالے سے جاری اس مہم میں شہریوں کے اندر شعور اجاگرکرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا گیا ہے جسکے تحت تمام سرکل ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز علاقہ عمائدین کیساتھ ملکر عوام کے اندر ہوائی فائرنگ کے عمل کے خاتمے کے حوالے سے مئوثر طور پر شعور اجاگر کرنے کی ذمہ داریوں سے نبرد آزما ہیں۔

(جاری ہے)

ہوائی فائرنگ کے خلاف اس خصوصی مہم میں علماء و مشائخ ،مساجد کے آئمہ ،منتخب عوامی نمائندوں،علاقہ عمائدین ،پبلک لیزان کمیٹیوں کے ارکان ،میڈیا کے نمائندوںاور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے افراد کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔

ہوائی فائرنگ کی تدارک کے حوالے سے اس اشتہاری مہم میںاسلامی تعلیمات کی روشنی میںانتہائی سبق آموز معلوماتی تحریروں پر مبنی خصوصی بینرز ،پمفلٹس ،بل بورڈز اور تنبیہی پوسٹرز تیار کئے گئے ہیں جن پر ہوائی فائرنگ کی سدباب کے حوالے سے اس جرم کی ملکی قوانین اور شرعی اعتبار سے ممانعت اور ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بارے میںنصیحت آموز تحریریں درج کئے گئے ہیں۔

ہوائی فائرنگ کے انسدادی اور اشتہاری مہم کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے پولیس کی شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو بھی خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جسکے فیس بک اکائونٹ پرموجود آفیشل سوشل میڈیا پیج ڈی پی او کوہاٹ کے ذریعے ہوائی فائرنگ کی نقصانات اور انتباہ کے حوالے سے خصوصی پوسٹس شئیر کرکے عوام کے اند شعور اجاگر کرنے کی اس تشہیری مہم میں بھر پور اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ضلعی پولیس سربراہ نے اس سلسلے میں عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ہوائی فائرنگ کے اس جان لیوا معاشرتی جرم کے سد باب کے حوالے سے مقامی پولیس کا ساتھ دیکر محب وطن ، ذمہ دار اور قانون کا پابند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔